اس وقت ملک کے 40 اضلاع میں ٹڈی دل موجود ہے، این ڈی ایم اے

پیر 15 جون 2020 14:32

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جون2020ء) این ڈی ایم اے نے کہا ہے کہ ملک بھر میں ٹڈی دل کے خلاف آپریشن کی تفصیلات جاری کر دی ہیں جس کے مطابق اس وقت ملک کے 40 اضلاع میں ٹڈی دل موجود ہے،بلوچستان کے 29، خیبر پختونخواہ کے 8اور سندھ کے 3 اضلاع ٹڈی دل سے متاثر ہیں ۔ ترجمان کے مطابق بلوچستان میں خضدار، آواران، نوشکی، چاغی، گوادر، اتھل، کیچ، پنجگور، خاران، وشک اور کوئٹہ کے علاوہ دیگر اضلاع بھی متاثر ہیں ،کے پی میں ڈیرہ اسماعیل خان، ٹانک، شمالی و جنوبی وزیرستان، لکی مروت، کرم، اورکزئی اور خیبر کے اضلاع متاثر ہیں ،سندھ میں، شہید بے نظیر آباد، مٹیاری اور جامشورو میں ٹڈی دل کے حملے ہوئے ہیں ،گذشتہ روز پنجاب کے کسی ضلع سے ٹڈی دل رپورٹ نہیں ہوا۔

ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق ٹڈی دل کے متاثرہ علاقوں کا سروے اور کنٹرول آپریشن جاری ہے، ترجمان کے مطابق 1288 مشرکہ ٹیموں نے لوکسٹ کنڑول آپریشن میں حصہ لیا۔

(جاری ہے)

ترجمان کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں میں 3 لاکھ12 ہزار ہیکٹر رقبہ کا سروے ہوا۔ ترجمان کے مطابق 24 گھنٹوں میں 6 ہزار 800 ہیکٹر رقبہ پر ٹڈی دل کو تلف کرنے والی ادویات کا اسپرے کیا گیا۔ترجمان کے مطابق بلوچستان میں 5 ہزار 300 ہیکٹر رقبہ پر اسپرے کیا گیا،خیبر پختونخواہ میں 1000 ہیکٹر رقبہ کی ٹریٹمنٹ ہوئی۔ ترجمان کے مطابق سندھ میں گذشتہ روز 500 ہیکٹر رقبہ ٹریٹمنٹ کیا گیا۔ترجمان کے مطابق اب تک پورے ملک میں 6 لاکھ 23 ہزار ہیکٹر رقبہ پر سپرے کیا جا چکا ہے۔