سندھ اسمبلی میں احتیاطی تدابیر کے تحت اجلاس کے قواعد و ضوابط تبدیل کردیے گئے

جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جائے گا ،ارکان اپنے گھر اور آفس سے بیٹھ کر اسمبلی اجلاس میں شرکت کر سکیں گے، میں نے 12 جون کو ٹیسٹ کروایا میری رپورٹ منفی ہے، ہو سکتا ہے آدھے گھنٹے بعد مثبت ہو جائے،وزیر اعلیٰ سندھ

پیر 15 جون 2020 16:49

سندھ اسمبلی میں احتیاطی تدابیر کے تحت اجلاس کے قواعد و ضوابط تبدیل ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جون2020ء) سندھ اسمبلی میں احتیاطی تدابیر کے تحت اجلاس کے قواعد و ضوابط تبدیل کردیے گئے۔سندھ کی پارلیمانی تاریخ میں اجلاس کے لیے پہلی بار جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جائے گا، اسمبلی کے قواعد و ضوابط میں اتفاق رائے سے ترمیم کردی گئی۔ارکان اپنے گھر اور آفس سے بیٹھ کر اسمبلی اجلاس میں شرکت کر سکیں گے۔

اس حوالے سے وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ ہم چاہتے ہیں کہ وہ ممبرز جن کی رپورٹ مثبت ہے وہ بجٹ سیشن میں حصہ لیں اور وہ ممبرز بھی جن کی عمر زیادہ ہے انہیں اسمبلی نہیں آنا پڑے۔مراد علی شاہ نے کہا کہ شرط لگائی تھی کے ممبر ٹیسٹ کروا کر اسمبلی آئیں، 17 تاریخ کو بجٹ پیش کریں گے، میں نے 12 جون کو ٹیسٹ کروایا میری رپورٹ منفی ہے، ہو سکتا ہے آدھے گھنٹے بعد مثبت ہو جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اب تک 90 اراکین کے ٹیسٹ ہوئے ہیں جن میں سے 83 منفی آئے۔عارف مصطفی جتوئی کا کل کورونا ٹیسٹ پازیٹو آیا تھا، کل ہی ان کا پھر ٹیسٹ کرایا تو وہ نیگیٹو آیا، عارف مصطفی کا ایک ٹیسٹ اور کرائیں گے۔انہوں نے کہا کہ سافٹ وئیر کے ذریعے گھر سے بیٹھ کر بھی تقریر کی جا سکتی ہے، ممبرز کو ای میل پر لاگ ان آئی ڈی آجائے گی۔ اگرکسی نے اپنی آئی ڈی کسی دوسرے کو دی تو وہ اس کا خود ذمہ دارہوگا۔انہوں نے مزید کہا کہ بجٹ کے بعد وزیرصحت کورونا پر پھر بریفنگ دیں گی۔