مظفر آباد آ جائیں،کشمیری آپ کی ہاں میں ہاں ملاتے ہیں یا نہیں، شاہ محمود قریشی کا بھارتی وزیر دفاع کے من گھڑت بیان کا دو ٹوک جواب

پیر 15 جون 2020 22:03

مظفر آباد آ جائیں،کشمیری آپ کی ہاں میں ہاں ملاتے ہیں یا نہیں، شاہ ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 جون2020ء) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے بھارتی وزیر دفاع کے من گھڑت بیان کا دوٹوک جواب دیتے ہوئے انہیں دعوت دی ہے کہ مظفر آباد آ جائیں،کشمیری آپ کی ہاں میں ہاں ملاتے ہیں یا نہیں، دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائے گا۔

(جاری ہے)

پیر کے روز اپنے ایک بیان میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بھارتی وزیر دفاع کا مقبوضہ کشمیر کی صورتحال اور آزاد جموں و کشمیر سے متعلق ریمارکس کا دو ٹوک جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ جتنا کشمیری آج بھارت سرکار سے متنفر ہے اتنا پچھلی ساتھ دہائیوں میں نہیں تھا اگر وہ واقعی سمجھتے ہیں کہ کشمیری ان کے ساتھ ہیں تو میں ان کو دعوت دیتا ہوں کہ وہ مظفرآباد آجائیں اور دیکھ لیں کہ کتنے کشمیری ان کی ہاں میں ہاں ملاتے ہیں۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ وہ مجھے یا عمران خان کو سری نگر آنے کی دعوت دیں تو دیکھ لیتے ہیں کہ کتنے کشمیری ہماری بات پر توجہ دیتے ہیں اس طرح دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ مودی سرکار غلط فہمی کا شکار ہے۔