دھان کے کاشتکاروں کو سپرباسمتی کی پنیری 20جون تک کاشت کرنے کی ہدایت، شرح بیج 500 سے 750گرام فی مرلہ استعمال کرنے کا بھی مشورہ

منگل 16 جون 2020 13:58

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جون2020ء) دھان کے کاشتکاروںکو سپرباسمتی کی پنیری 20جون تک کاشت کرنے کی ہدایت کی گئی ہے اور شرح بیج 500 سے 750گرام فی مرلہ استعمال کرنے کا بھی مشورہ دیاگیاہے ۔محکمہ زراعت کے ترجمان نے کہاکہ کاشتکار زمین کو پانی دے کر وتر حالت میں لائیں اور پھر دوہراہل چلاکر سہاگہ بھی دیاجائے۔ انہوںنے کہاکہ پنیری کاشت کرنے سے قبل دوہراہل چلاکر سہاگہ دیتے ہوئے تیار شدہ کھیت میں خشک بیج کا چھٹہ کرنا چاہیے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ کاشتکاراس پر اروڑی ، توڑی ، پھک یا پرالی کی ایک انچ موٹی تہہ بکھیر دیں اور اسکے بعد ہلکا پانی لگا دیں۔ انہوںنے کہاکہ جس نکے سے پانی دیاجائے اس کے آگے سوکھی گھاس وغیرہ رکھ دینی چاہیے تاکہ پانی کا زور کم ہو جائے اور بیج بہنے نہ پائے ۔ انہوںنے کہاکہ کاشتکار چند دن بعد توڑی و پرالی کواٹھا دیں تاکہ پنیری پر سورج کی روشنی پڑ سکے۔ انہوںنے کہاکہ زنک اور بوران کی کمی دھان کے کھیتوں میں واضح نظر آتی ہے لہٰذا 33 فیصد والا 30 کلو گرام زنک سلفیٹ فی ایکڑ نرسری پر ڈالنے سے زنک کی کمی کو دور کیا جاسکتاہے۔

متعلقہ عنوان :