سعودیہ پلٹ 3 لوگوں میں کورونا کی تصدیق، لاہور کاایک اور علاقہ مکمل سیل

منگل 16 جون 2020 15:17

سعودیہ پلٹ 3 لوگوں میں کورونا کی تصدیق، لاہور کاایک اور علاقہ مکمل سیل
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جون2020ء) سعودیہ پلٹ 3 لوگوں میں کورونا کی تصدیق کے بعد لاہور کے ایک اور علاقے کو مکمل طور پر سیل کردیا گیاہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق لاہور کے علاقہ اسلام پورہ میں یوسف روڈ ابدالی چوک کاعلاقہ سیل کردیاگیاہے۔اس علاقے کو سعودی عرب سے آنے والے تین افراد کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد سیل کیاگیاہے۔

یوسف روڈ کی تمام مارکیٹس بندکرادی گئی ہیں جبکہ فارمیسی اورکریانہ سٹورزکھلے رہیں گے نجی ٹی وی کے مطابق حکام کا کہنا ہے کہ علاقہ مکین 2 ہفتے تک گھروں میں رہیں گے۔ دوسری جانب ضلعی انتظامیہ لاہور نے کورونا وباء سے زیادہ متاثرہ اور سیل کیے جانے والے علاقوں کی فہرست جاری کی ہے، جس کے تحت لاہور کے 81 علاقوں کی بجائے 50علاقوں کو آج سیل کردیا جائے گا۔

(جاری ہے)

ان علاقوں میں عسکری 10، ڈیفنس فیز5، کینال ویو بی بلاک، پی سی ایس آئی آر ٹو ، رائل پارک، قلعہ گجر سنگھ ، رام نگر، کریم پارک کے علاقے، بادامی باغ ، داروغہ والا، مناواں ، تاج پورہ ، چونگی امر سدھو، شاد باغ ، بیگم کوٹ، راوی کلفٹن شاہدرہ کے علاقے بھی سیل کیے جائیں گے۔ جوہر ٹاؤن کا بی ، ایف ٹو،جے ٹو، اور جی تھری بلاک سیل کیے جائیں گے۔

واپڈا ٹاؤن ایف ٹو، جی بلاک ، گارڈن ٹاؤن کے احمد بلاک، ٹیپو بلاک، بابر بلاک، اورنگزیب، طارق، شیر شاہ بلاک سیل ہوں گے۔ گلبرگ کے چند بلاکس، گلبرگ کے، گلبرگ 1 اور گلبرگ 3 ، قصوری روڈ، ایم ایم عالم روڈ، گرومانگٹ روڈ اے 1 بلاک، بی1 بلاک ، کبوتر پورہ، نبی پورہ کے علاقے سیل ہوں گے۔ گلبرگ 3، ظفر علی روڈ، ظہور الہیٰ روڈ، صدر اقبال روڈ، مین مارکیٹ، سینٹ میری کالونی سیل ہوں گے۔ جلوموڑ، دھوبی محلہ، پی اوبکس باٹا پور اے بلاک، بسم اللہ ہاؤسنگ اسکیم سیل کی جائے گی۔