اعلیٰ عسکری قیادت کا آئی ایس آئی کا دورہ ،

علاقائی سلامتی کی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ ‘ ڈی جی آئی ایس آئی نے اعلیٰ عسکری قیادت کو خوش آمدید کہا،ایل اوسی اور مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورتحال پر خصوصی بریفنگ دی %چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی اورتینوں مسلح افواج کے سربراہان نے آئی ایس آئی کی خدمات کو سراہا، پیشہ ورانہ تیاریو ں پر مکمل اظہار اطمینان ; پاکستان ان کی سفارتی ، سیاسی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا، ایل اوسی پر بھارت کی جانب سے کسی بھی قسم کی شر انگیزی کا بھرپور جواب دیاجائیگا، شرکاء کا عزم

منگل 16 جون 2020 23:18

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 جون2020ء) اعلیٰ عسکری قیادت نے منگل کو قومی سلامتی کے ادارے آئی ایس آئی کا دورہ کیا جہاں انہیں علاقائی سلامتی کی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔ ترجمان افواج پاکستان کے مطابق چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ ، چیف آف نیول سٹاف ظفر محمود عباسی اور پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان کو ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کی جانب سے ادارے کی کارکردگی اور علاقائی سلامتی کی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی ڈی جی آئی ایس آئی نے اعلیٰ عسکری قیادت کو آئی ایس آئی کے ہیڈکوارٹرز میں خوش آمدید کہتے ہوئے لائن آف کنٹرول اور مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورتحال پر خصوصی بریفنگ دی چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی اورتینوں مسلح افواج کے سربراہان نے قومی سلامتی کو یقینی بنانے کے حوالے سے آئی ایس آئی کی خدمات کو سراہا اور اس کی پیشہ ورانہ تیاریو ں پر مکمل اظہار اطمینان کیا ۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق شرکاء کو بتایاگیاکہ کس طرح بھارت مقبوضہ کشمیر میں ظلم وستم کابازار گرم کئے ہوئے ہے اور نہتے کشمیری حق خودارادیت کیلئے ان مظالم کے باوجود اپنی جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں پاکستان ان کی سفارتی ، سیاسی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا ۔ عسکری قیادت کی جانب سے اس عزم کا اعادہ بھی کیاگیا کہ بھارت کی جانب سے اگر کسی بھی قسم کی شر انگیزی لائن آف کنٹرول پر کی گئی تو اس کا بھرپور جواب دیاجائیگا اس حوالے سے خبردار کیاگیا کہ بھارت کے پہلے بھی جاسوس ڈرون گرائے ہیں اور اگر اب کسی بھی قسم کی جارحیت ہوتی ہے تو اس کابھرپور اور منہ توڑ جواب دیا جائیگا ۔