وزیر مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل کا اپنے حلقہ انتخاب کی دو یونین کونسلوں میں بنیادی سہولیات پر ایک کروڑ روپے خرچ کرنے کا اعلان

بدھ 17 جون 2020 10:05

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جون2020ء) وزیر مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل نے کہا ہے کہ وفاقی اور صوبائی حکومت سے ایک کروڑ کے فنڈز منظور کرائے ہیں،ان فنڈز کو میرے حلقہ انتخاب این اے 191 ڈیرہ غازی خان کے نواحی علاقے سخی سرور کے دو یونین کونسلوں میں بنیادی سہولیات پر خرچ کیا جائے گا۔ بدھ کو جاری ویڈیو پیغام زرتاج گل نے کہا کہ سب سے پہلے میں اپنے حلقے سخی سرور کی عوام کا شکریہ ادا کرتی ہوں کے انہوں نے ہمیشہ مجھے عزت دی اور بھرپور سپوٹ کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ میں نے الیکشن سے قبل ان سے وعدہ کیا تھا کہ جب اللّٰہ نے مجھے ایم این اے بنایا تو میں سخی سرور کے دربار شریف کی تزئین و آرائش کے لیے فنڈز کی منظوری اور زائرین کے لئے صاف پینے کی پانی کے لئے اقدامات کروں گی اور اس سلسلے میں میں نے وزیراعظم عمران خان اور وزیر اعلیٰ پنجاب سے ایک کروڑ کے فنڈز منظور کرائے ہیں جس کو سخی سرور کے دو یونین کونسلوں میں بنیادی سہولیات پر خرچ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ صاف پینے کی پانی کیلئے ٹربین کی بھی منظوی ہوچکی ہے۔