کشمیری عوام بھارت کے مذموم منصوبوں کو ناکام بنانے کی صلاحیت رکھتے ہیں، بلال صدیقی

بدھ 17 جون 2020 14:48

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جون2020ء) مقبوضہ کشمیر میں تحریک مزاحمت کے چیئرمین بلال صدیقی نے کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی سے منسوب سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے جعلی خطوط پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے اسے بھارتی ایجنسیوں کی کارستانی قرار دیا ہے ۔

(جاری ہے)

کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق بلال صدیقی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ سید علی گیلانی جرات ، استقامت ، دوراندیشی اور مزاحمت کی علامت ہیںاور اتنے بڑے رہنما کو اس طرح کی گھٹیا چیزوں سے منسوب کرنا کشمیری عوام اور ان کی قیادت کے درمیان پھوٹ ڈالنے کے بھارتی ایجنسیوں کے مذموم منصوبوں کی عکاسی کرتاہے۔

بلال صدیقی نے کہا کہ بھارتی ایجنسیوں کی جانب سے یہ پہلی کوشش نہیں ہے بلکہ گزشتہ تین دہائیوں سے بھارت کے غیرقانونی قبضے کے خلاف جاری مزاحمت کے دوران بھارت اور اس کی ایجنسیوں نے تحریک آزادی کے مختلف طبقوں کے درمیان پھوٹ ڈالنے کی بے شمار سازشیں کی ہیں تاہم ہر بار بھارت کی ان ناپاک چالوں کو شرمناک ناکامیوں کا سامنا کرنا پڑا۔انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر کے حریت پسند عوام اس طرح کے مذموم منصوبوں کو سمجھنے اور انکو ناکام بنانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔