نہتے کشمیریوں کی قاتل بھارتی فوج لداخ میں چینی فوجیوں کے سامنے بھیگی بلی بن گئی، رپورٹ

بدھ 17 جون 2020 23:10

نہتے کشمیریوں کی قاتل بھارتی فوج لداخ میں چینی فوجیوں کے سامنے بھیگی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جون2020ء) مقبوضہ جموں و کشمیر میںنہتے عوام کو قتل کرنے والی بھارتی فوج لداخ میں چینی فوجیوں کے سامنے اس کے بالکل برعکس بھیگی بلی بنی ہوئی ہے جس پر دنیا بھر میں بھارتی حکومت اور اس کے میڈیاکا مذاق اڑایا جارہا ہے۔ محمد ارشد خان کی مرتب کردہ کشمیرمیڈیا سروس کی ایک رپورٹ کے مطابق مقبوضہ کشمیر کے کسی بھی علاقے میں مجاہدین کے ایک چھوٹے سے حملے کے بہانے بے گناہ کشمیریوں کو شہید کرنے اور گائوں کے گائوں اجاڑنے والی بھارتی فوج کو لداخ کی وادی گلوان میں چینی فوجیوں کے ہاتھوں50سے زائد فوجیوںکے نقصان پر، جن میں 20کے ہلاک ہونے کی تصدیق ہوچکی ہے جیسے سانپ سونگھ گیاہے ۔

بھارتی حکومت ، فوج اور میڈیا کی اس خاموشی پر بھارت اقوام عالم میں ایک مذاق بن گیاہے۔

(جاری ہے)

یہاں تک کہ کچھ بھارتی چینلوں اور اخبارات نے جنہوںنے خاص کر پلوامہ حملے کے بعد پاکستان کے خلاف مودی کی زیرقیادت کابینہ کے وزراء اور منہ سے جھاگ اڑانے والے ہندو اینکروں کے ’’ہم آپ کو گھس کر ماریں گے‘‘ جیسے بیانیے کی تشہیر کی تھی اب بھارتی فوج کی اس ذلت پر ان ہی لوگوں پر تنقید شروع کردی ہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ سب کچھ بھارتی دعوے کے مطابق اس کی سرزمین کے اندرہوا اور اب یہ علاقہ چینی فوجیوں کے کنٹرول میں ہے۔ بھارت کی حزب اختلاف بھی بھارت کی اس ہزیمت پرمودی حکومت کو تنقیدکا نشانہ بنارہی ہے۔ رپورٹ میں بھارت کو نسبتاً بہت چھوٹے ہمسایہ ملک نیپال کی طرف سے بھی درپیش چیلنج کا ذکر کرتے ہوئے کہاگیا ہے کہ بی جے پی کی فاشسٹ حکومت کے تحت بھارت کا زوال شروع ہوچکا ہے۔رپورٹ میں کہاگیا کہ لداخ میں چین کی کارروائی نے بھارت کو نہ پائے ماندن نہ جائے رفتن( نہ پیچھے ہٹنے کی گنجائش اور نہ ہی آگے بڑھنے کا راستہ) کی کیفیت سے دوچار کردیا ہے ۔