ْکورونا لاک ڈائون کے باوجود روساتم کا بیرون ملک نیوکلیئر پاور پلانٹس کا تعمیراتی کام جاری

جمعرات 18 جون 2020 10:35

ماسکو۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جون2020ء) روسی جوہری توانائی کمپنی روساتم نے کہا ہے کہ اس نے کورونا لاک ڈائون کے باوجود بیرون ملک نیوکلیئر پاور پلانٹس کی تعمیراتی سرگرمیاں جاری رکھیں۔یہ بات کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر الیکسی لخاشیف نے صدر ولادیمیر پیوٹن کو گزشتہ روز ایک بریفنگ کے دوران کہی۔

(جاری ہے)

سی ای او نے کہا کہ کورونا لاک ڈائون کے نتیجے میں ہماری سرگرمیوں پر کوئی منفی اثر نہیں پڑا، ہم 10 ملکوں میں 25 مقامات پر جوہری توانائی کے منصوبے تعمیر کررہے ہیں جن پر کام جاری رکھا گیا۔

مجموعی طور پر ہم 36 ممالک میں کام کے لیے بالکل تیار ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ہم نے حکومتی ہدایات پر پوری طرح عمل کیا، لاک ڈائون کے باوجود ہمارا سٹاف اور ماہرین روٹیشن کی بنیاد پر نیوکلیئر پاور پلانٹس کی تعمیر میں مصروف رہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمیں اپنے رواں سال کے منصوبوں میں تبدیلی کی قطعاً ضرورت نہیں حتیٰ کہ کوئی بہت بڑا تعمیراتی منصوبہ بھی پیش آیا تو جاری رکھا جائے گا، اس کے علاوہ رواں سال ہمارے پاس کام کا سب سے زیادہ سکوپ ترکی اور بنگلہ دیش میں ہوگا۔