شاہد آفریدی نے سوشل میڈیا پر پھیلنے والی خبروں کی تردید کر دی

میں بالکل ٹھیک ہوں اور جو خبریں سوشل میڈیا پر میری صحت سے متعلق پھیلائی جارہی ہیں ان میں کوئی صداقت نہیں ہے، سابق کپتان کو ویڈیو پیغام

Khurram Aniq خُرم انیق جمعرات 18 جون 2020 13:07

شاہد آفریدی نے سوشل میڈیا پر پھیلنے والی خبروں کی تردید کر دی
لاہور(اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار-18جون2020ء) پاکستان کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے سوشل میڈیا پر پھیلنے والی خبروں کی تردید کر دی ہے۔ ویڈیو پیغام میں بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ میں بالکل ٹھیک ہوں اور جو خبریں سوشل میڈیا پر میری صحت سے متعلق پھیلائی جارہی ہیں ان میں کوئی صداقت نہیں ہے۔ شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ گزشتہ کچھ عرصے سے جتنا میں سفر کر رہا تھا، مجھے اس بات کا اندازہ تھا کہ مجھے یہ وائرس متاثر ضرور کرے گا، لیکن اللہ کا شکر ہے کہ اس نے مجھے شروع میں متاثر نہیں کیا اور میں نے بہت زیادہ وقت لوگوں کی خدمت میں گزارا۔

بوم بوم آفریدی کا کہنا تھا کہ شروع کے چند روز مشکل تھے لیکن جیسے جیسے دن گزرتے گئے طبیعت میں بہتری آتی رہی، بچوں سے دوری کے حوالے سے پریشانی کا سامنا کرنا پڑرہا ہے کیونکہ بچوں کو پیا ر کیے بنا رہنا میرے لیے مشکل ہے خصوصا میں اپنی چھوٹی بیٹی کو مس کررہا ہوں۔

(جاری ہے)

انہوں نے عوام کو آگاہی دیتے ہوئے کہا کہ ڈرنے کی ضرورت نہیں ہے احتیاط کریں ، دوسروں سے دوری اختیار کریں، فیملی کے ساتھ وقت گزاریں ڈرنے کی ضرورت نہیں ہے۔

شاید آفریدی نے مزید کہا ہے کہ ان کے متاثر سے ان کی مہم پر کسی طرح کا کوئی اثر نہیں ہو گا جبکہ ان کی ٹیم پہلے کی طرح ہی کام کر رہی ہے اور ضرورت مند لوگوں تک راشن پہنچانے کا سلسلہ جاری ہے۔ یاد رہے کہ قومی ٹیم کے سابق کپتان اور اسٹار آل راؤنڈر شاہد آفریدی بھی کورونا سے متاثرین میں شامل ہوگئے ہیں۔شاہد آفریدی کا کرونا ٹیسٹ مثبت آگیا تھا جس کی تصدیق انہوں نے خود اپنے سوشل میڈیا پیغام میں کی تھی۔

ان کی بیماری کے حوالے سے گزشتہ کچھ عرصے میں خبریں گردش کر رہی تھیں جس میں کہا جا رہا تھا کہ طبیعت خراب ہونے کی وجہ سے ان کو وینٹی لیٹر پر منتقل کر دیا گیا ہے، لیکن اب سابق کپتان نے خود ان تمام خبروں کی تردید کر دی ہے جس میں ان کا کہنا تھا کہ میں بالکل ٹھیک ہوں اور جو خبریں سوشل میڈیا پر میری صحت سے متعلق پھیلائی جارہی ہیں ان میں کوئی صداقت نہیں ہے۔