فیکلٹی ممبران کی گزشتہ چھ ماہ کی تحقیقی و تدریسی خدمات شانداررہی ،وائس چانسلر کے ایف یو ای آئی ٹی

جمعہ 19 جون 2020 18:53

رحیم یار خان ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جون2020ء) خواجہ فرید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد سلیمان طاہر نے کہا ہے کہ کسی بھی ملک کی ترقی کے لئے اس ملک میں یونیورسٹی کا کردار کلیدی حیثیت رکھتا ہے جہاں اساتذہ ایک ایسا تعلیمی اور ریسرچ کا ماحول پیدا کرتے ہیں جہاں سے معاشرے کی فلاح وبہبود اور ترقی کے لیے مواقع پیدا کیے جاتے ہیں۔

فیکلٹی ممبران کی گزشتہ چھ ماہ کی تحقیقی و تدریسی خدمات شانداررہی ہیں اور اپنی پرفارمنس میں مزید بہتری لا کر اس کام کو اور اس مقصد کے حصول کو آسان بنا سکتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے فیکلٹی ممبرز اور ڈپارٹمنٹ کے سربراہان سے ماہانہ خطاب میں کیا۔ان کا کہنا تھا کہ ڈیپارٹمنٹ کے سربراہان اپنے اساتذہ کی کارکردگی کو باریک بینی سے مانیٹر کریں اور اس کورونا وبا کی تعطیلات کے دوران طلباء کی بہتر رہنمائی کریں۔

(جاری ہے)

آن لائن تعلیم کے معیار کو بہتر کریں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ طلبہ اپنی تعلیمی اور تحقیقی کام کو بہتر انداز میں جاری رکھیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ یونیورسٹی کی انتظامیہ ہر ممکن کوشش کرے گی کہ اپنے اساتذہ کی بہتر تربیت کے لیے تمام وسائل مہیا کرے، اسی سلسلے میں یونیورسٹی کی انتظامیہ غیر ملکی اساتذہ اور ماہرین کی خدمات حاصل کرنے کے لیے کوشاں ہے۔

اس موقع پر وائس چانسلر کی معاونت رجسٹرار اینڈ ڈین پروفیسر ڈاکٹر محمد اصغر ہاشمی، کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر شاہد عتیق ،ایسوسی ایٹ ڈین ڈاکٹر منور حسین، ایسوسی ایٹ ڈین ڈاکٹر محمد جاوید اقبال اور ایسوسی ایٹ ڈین ڈاکٹر سلیم اللہ نے کی۔ ریسرچ پروجیکٹس او پروڈکٹس جن سے انڈسٹری اور معاشرے کو فائدہ ہو ان کے رجحان کو پروان چڑھانے کے لئے لیے بہت جلد فکیلٹی ممبران کے درمیان مقابلہ کرایا جائے گا طلباء کے درمیان بھی ریسرچ اور جدت کو فروغ دینے کے لیے نئے پروجیکٹس کے مقابلاجات کا انعقاد کیا جائے گا۔

کورونا وائرس کی موجودہ صورتحال کے باعث وائس چانسلر کا مزید کہنا تھا کہ فیکلٹی ممبرز تحقیق پر زیادہ توجہ دیں جس سے کرونا کے پھیلاؤ کو روکنے میں مدد ملے۔ یونیورسٹی کے ملازمین اورعام شہریوں میں اس بات کو پھیلایا جائے کہ کرونا کے صحت یاب مریض اپنے پلازمہ کو عطیہ کریں نہ کہ فروخت کریں۔