کورونا وبا سے محفوظ عید الاضحی ٰ کیلئے ایس او پیز کی تیاری کے سلسلے میں وزارتِ مذہبی امور کے زیر اہتمام علماء و مشائخ کے ساتھ مشاورتی اجلاس کا انعقاد

اتوار 21 جون 2020 18:45

فیصل آباد 21 جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جون2020ء) : کورونا وبا سے محفوظ عید الاضحی ٰ کیلئے ایس او پیز کی تیاری کے سلسلے میں وزارتِ مذہبی امور کے زیر اہتمام علماء و مشائخ کے ساتھ مشاورتی اجلاس منعقد ہواجس میں فیصل آباد سے چیئرمین مرکزی علماء کونسل صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی اورجامعہ سلفیہ سے مولانا یاسین ظفر کے نمائندہ مولانا ارشد نے کمشنر آفس سے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔

ایڈیشنل کمشنر محبوب احمد بھی موجود تھے۔اسلام آباد میں منعقدہ اجلاس میں ملک بھر سے علماء کرام براہ راست اور بذریعہ ویڈیو لنک شریک ہوئے۔اجلاس میں کورونا وبا کی وجہ سے ملک بھر میں بڑھتی ہوئی اموات اور صحت کی ابتر صورتحال کے پیش نظر مویشی منڈیوں اور عید الاضحیٰ کے اجتماعات کو محفوظ بنانے کے حوالے سے لائحہ عمل پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر بتایا گیا کہ اگر موثر احتیاطی تدابیر اختیار نہ کی گئیں تو جولائی کے آخری دو ہفتے اس وبا کے حوالے سے مہلک ثابت ہو سکتے ہیں۔ پاکستان اس بیماری کی بڑھتی ہوئی شرح کے حوالے سے پہلے تین ممالک میں شامل ہو چکا ہے۔ اجلاس میں ملک بھر سے نمائندہ علماء کرام اور مشائخ عظام نے اپنی اپنی تجاویز پیش کیں۔صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی نے حکومتی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ رمضان المبارک اور عید الفطر کے موقع پر باہمی مشاورت سے 20 نکاتی اعلامیہ پر من وعن عملدرآمد کیا گیا اورتمام مساجد، مدارس اوردینی حلقے اس مہلک وبا کی روک تھام کیلئے آئندہ بھی حکومتی کوششوں میں بھرپور معاونت کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ دینی شعائر اور مذہبی فرائض کی ادائیگی کے ساتھ ساتھ قومی صحت و سلامتی کا خیال بھی رکھنا ہے۔ پاکستان پہلا ملک تھا جس نے علماء کرام کی مشاورت سے رمضان المبارک کے موقع پر مساجد کو ایس او پیز کے ساتھ کھلا رکھا۔انہوں نے حکومتِ پاکستان کی طرف سے عید الاضحی سے قبل مشاورتی اجلاس کے انعقاد کو سراہا۔دیگر علماء کرام نے تجاویز کی روشنی میں مشاورت کے ساتھ قومی لائحہ عمل طے کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔