Live Updates

شوہر نے اولاد نہ ہونے پر بیوی کے جسم کو گرم استری سے جلا ڈالا

خاتون کا چہرہ استری کی وجہ سے متاثر ہوا، پولیس نے ملزم کو گرفتار کر لیا

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان پیر 22 جون 2020 11:11

شوہر نے اولاد نہ ہونے پر بیوی کے جسم کو گرم استری سے جلا ڈالا
سکھر (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔22 جون 2020ء) شوہر نے اولاد نہ ہونے پر بیوی کے جسم کو گرم استری سے جلا ڈالا ۔تفصیلات کے مطابق سکھر میں اولاد نہ ہونے اور دوسری شادی کی اجازت نہ دینے پر بیوی کو گرم استری سے گرانے اور قید میں رکھنے والے سنگدل شوہر کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ملزم شیرالدین کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ملزم کو آج مقامی عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

پولیس کے مطابق گزشتہ شب روہڑی میں پیر مراد شاہ پھاٹک کے علاقے میں یہ واقعہ پیش آیا۔متاثرہ خاتون نے مقدمہ درج کرواتے ہوئے کہا ہے کہ کہ اولاد نہ ہونے اور دوسری شادی کی اجازت نہ دینے پر اس کے شوہر نے اپنی بہن کے ساتھ مل کر اسے تشدد کا نشانہ بنایا اور گرم استری سے جلایا اور گھر میں قید کر دیا۔پولیس کے مطابق خاتون کے چہرے کا کچھ حصہ متاثر ہوا ہے جبکہ ملزم سے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔

(جاری ہے)

بیوی پر تشدد اور قتل کا ایک واقعہ دو روز قبل بلوچستان میں بھی پیش آیا۔ بلوچستان کے ضلع قلعہ عبداللہ کے علاقے توبہ اچکزئی میں شوہر نے تشدد کر اپنی بیوی کو قتل کر دیا تھا جس کے خلاف لڑکی کے والد نے مقدمہ درج کروایا ہے۔ایف آئی آر کے مطابق لڑکی کے والد نے بتایا ہے کہ 18 جون کو صبح انہیں فون کرکے بتایا گیا کہ ان کی بیٹی نے خودکشی کی ہے اور لاش پشین کے علاقے میں ہے، آ کر لے جائیں۔

لڑکی کے والد عبدالرزاق نے بتایا کہ وہ لاش لینے کے لئے گیا تو لاش کا معائنہ کرنے کے بعد انھوں نے دیکھا کہ بیٹی کو وحشیانہ تشدد کر کے مارا گیا ہے۔عبدالرزاق کے مطابق ان کی بیٹی کو اس کے شوہر سردار محمد نے تشدد کرکے کے قتل کیا اور بعد میں اسے خودکشی کا رنگ دیا۔پولیس نے ملزم کے گھر چھاپہ مارا لیکن ملزمان میں سے کوئی بھی گھر میں موجود نہیں تھا جس وجہ سے گرفتاری عمل میں نہیں آسکی۔لڑکی کے والد نے بتایا کہ میری بیٹی کی شادی کو آٹھ سال ہوئے ہیں اور اس کی تین بچیاں ہیں جن میں سب سے چھوٹی ایک ماہ قبل پیدا ہوئی ہے۔رمضان المبارک میں جب وہ گھر آئی تو بتایا کہ اس کے ساتھ برا سلوک کیا جارہا ہے اور بیٹیاں پیدا ہونے پر طعنے دیے جاتے ہیں۔
Live رمضان المبارک سے متعلق تازہ ترین معلومات