کورونا وبا کی وجہ سے ملک بھر میں مریضوں کی بڑھتی ہوئی تعدادو شرح اموات میں اضافہ اور صحت کی ابتر صورتحال کے پیش نظر مویشی منڈیوں اور عید الاضحی کے اجتماعات کو محفوظ بنانے کیلئے مشاورت شروع کر دی گئی ہے، ترجمان فیصل ۱ٓباد ڈویژنل انتظامیہ

پیر 22 جون 2020 13:36

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جون2020ء) کورونا وبا کی وجہ سے ملک بھر میں مریضوں کی بڑھتی ہوئی تعدادو شرح اموات میں اضافہ اور صحت کی ابتر صورتحال کے پیش نظر مویشی منڈیوں اور عید الاضحی کے اجتماعات کو محفوظ بنانے کیلئے مشاورت شروع کر دی گئی ہے اور واضح کیا گیا ہے کہ اگرفوری طور پر مئوثر احتیاطی تدابیر اختیار نہ کی گئیں تو جولائی کے آخری دو ہفتے اس وبا کے حوالے سے مہلک ثابت ہو سکتے ہیں۔

فیصل ۱ٓباد ڈویژنل انتظامیہ کے ترجمان بتایا کہ کورونا وبا سے محفوظ عید الاضحی کیلئے ایس او پیز کی تیاری کے سلسلہ میں وزارت مذہبی امور کے زیر اہتمام علماء و مشائخ کے ساتھ مشاورتی اجلاس منعقد ہواجس میں فیصل آباد سے چیئرمین مرکزی علماء کونسل صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی اورجامعہ سلفیہ سے مولانا یاسین ظفر کے نمائندہ مولانا ارشد نے کمشنر آفس سے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی جس میںایڈیشنل کمشنر محبوب احمد بھی موجود تھے جبکہ اسلام آباد میں منعقدہ اجلاس میں ملک بھر سے علماء کرام براہ راست اور بذریعہ ویڈیو لنک شریک ہوئے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں کورونا وبا کی وجہ سے ملک بھر میں بڑھتی ہوئی اموات اور صحت کی ابتر صورتحال کے پیش نظر مویشی منڈیوں اور عید الاضحی کے اجتماعات کو محفوظ بنانے کے حوالے سے لائحہ عمل پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔اس موقع پر بتایا گیا کہ اگر موثر احتیاطی تدابیر اختیار نہ کی گئیں تو جولائی کے آخری دو ہفتے اس وبا کے حوالے سے مہلک ثابت ہو سکتے ہیںجبکہ پاکستان اس بیماری کی بڑھتی ہوئی شرح کے حوالے سے پہلے تین ممالک میں شامل ہو چکا ہے۔

اجلاس میں ملک بھر سے نمائندہ علماء کرام اور مشائخ عظام نے اپنی اپنی تجاویز پیش کیں۔صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی نے حکومتی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ رمضان المبارک اور عید الفطر کے موقع پر باہمی مشاورت سے 20 نکاتی اعلامیہ پر من وعن عملدرآمد کیا گیا جبکہ تمام مساجد، مدارس اوردینی حلقے اس مہلک وبا کی روک تھام کیلئے آئندہ بھی حکومتی کوششوں میں بھرپور معاونت کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں دینی شعائر اور مذہبی فرائض کی ادائیگی کے ساتھ ساتھ قومی صحت و سلامتی کا خیال بھی رکھنا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پہلا ملک تھا جس نے علماء کرام کی مشاورت سے رمضان المبارک کے موقع پر مساجد کو ایس او پیز کے ساتھ کھلا رکھا۔انہوں نے حکومت پاکستان کی طرف سے عید الاضحی سے قبل مشاورتی اجلاس کے انعقادپر بھی اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے عوام کی قیمتی جانوں کو محفوظ رکھنے کے حوالے سے اپنے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔