کورونا وائرس کے مریضوں کے علاج معالجہ کے لئے مارکیٹ میں ڈیکسامیتھاسون کی وافر مقدار مو جود ہے، جان بچانے والی ادویات کی قیمت میں اضافہ یا اس کی بلیک مارکیٹنگ میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی،

عید الاضحیٰ کے موقع پر حکومت قومی سٹریٹیجی کو حتمی شکل دے گی، کورونا وائرس کے پھیلائو کی روک تھام کے لئے شہری حکومتی ہدایات پر عمل کریں معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا کا انٹرویو

پیر 22 جون 2020 22:45

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جون2020ء) وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا ہے کورونا وائرس کے مریضوں کے علاج معالجہ کے لئے مارکیٹ میں ڈیکسامیتھاسون کی وافر مقدار مو جود ہے اور جان بچانے والی ادویات کی قیمت میں اضافہ یا اس کی بلیک مارکیٹنگ میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ پیر کو اپنے ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان کو ہدایت کی گئی ہے کہ کوویڈ ۔

19کے مریضوں کے علاج کے لئے ادویات کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے ۔ ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ عوام مہنگی ادویات کے مسئلہ پر ٹال فری نمبر 080003727 پر رابطہ کریں ۔ عید الا ضحیٰ اور قربانی کے جانوروںکی منڈیوں میں ایس اوپیز سے متعلق ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ وفاقی وزراء ، علماء اور مشائخ اجلاس کر رہے ہیں اور محفوظ مویشی منڈیوں اور عید الاضحیٰ کے اجتماعات کے لئے تفصیلی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ رمضان المبارک کے موقع پر مذہبی رہنمائوں کی مشاورت سے مساجد میں ایس او پیز پر عمل کیا گیا، اسی طرح عید الاضحیٰ کے موقع پر بھی حکومت اپنی قومی سٹریٹیجی کو حتمی شکل دے گی ۔ معاون خصوصی نے کہا کہ آئندہ چند ہفتوں کے دوران کورونا وائرس کی ٹیسٹنگ سہولت بڑھا کر یومیہ ایک لاکھ کر دی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ سمارٹ لاک ڈائون سٹریٹجی کے تحت کورونا وائرس کے کم کیسز ہوئے، کورونا وائرس کے پھیلائو کی روک تھام کے لئے شہری حکومتی ہدایات پر عمل کریں۔