مریدکے، ہیلتھ کیئر پنجاب کی ٹیم کے مختلف علاقوں میں چھاپے

بغیر لائسنس ادویات کا کاروبار کرنیوالے متعدد سٹور اور غیر قانونی فرسٹ ایڈ ڈرگس تیار کرنیوالی فیکٹری سیل ،مالکان گرفتار

منگل 23 جون 2020 22:29

مریدکی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 جون2020ء) چیف ڈرگ کنٹرول پنجاب کی نگرانی میں ہیلتھ کیئر پنجاب کی ٹیم نے مریدکے ، فیروزوالہ اور شیخوپورہ کے علاقوں میں چھاپے مار کر بغیر لائسنس ادویات کا کاروبار کرنے والے متعدد سٹور اور غیر قانونی فرسٹ ایڈ ڈرگس تیار کرنے والی فیکٹری کو سیل کرکے مالکان کو گرفتار کرا دیا۔ غیر قانونی طور پر تیار کردہ ادویات کی بھاری مقدار کو قبضہ میں لے کر متعلقہ اتھارٹی کو بھیج دیا گیا۔

چیف ڈرگ کنٹرولر پنجاب اظہر جمال سلیمی کی سرپرستی میں ڈرگ کنٹرولر شیخوپورہ عمران انور، ڈپٹی ڈرگ کنٹرولر مریدکے بلال یاسین، سلیم نور، شہلک انور، عمامہ حسین اور کمال سکندر پر مشتمل ٹیم پنجاب ہیلتھ کیئر کی ٹیم نے مریدکے ، فیروزوالہ اور شیخوپورہ کے مختلف مقامات پر چھاپے ما کر بغیر لائسنس ادویات کا کاروبار کرنے اور غیر قانونی طور پر ٹنکچر آیوڈین سمیت دیگر فرسٹ ایڈ ڈرگس تیار کرنے والی فیکٹریوں کو سیل کرکے ادویات کی بھاری مقدار قبضہ میں لے لی اور مالکان کے خلاف مقدمات درج کروا کر انہیں گرفتار کرا دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

ڈپٹی ڈرگ کنٹرولر بلال یاسین کے مطابق ضلع بھر میں کسی کو بھی انسانی زندگیوں کے ساتھ کھیلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور ادویات کا غیر قانونی کاروبار کرنے والے کسی بھی شخص کو معاف نہیں کیا جائے گا۔