فواد چوہدری کا بیان ، وزیراعظم عمران خان کی کابینہ اراکین کو گفتگو میں احتیاط برتنے اور اتحاد قائم رکھنے کی ہدایت

منگل 23 جون 2020 23:16

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جون2020ء) وزیراعظم عمران خان نے کابینہ اراکین کو گفتگو میں احتیاط برتنے اور اتحاد قائم رکھنے کی ہدایت کی ہے ۔ ذرائع کے مطابق منگل کو کابینہ اجلاس میں فواد چوہدری کے گزشتہ روز کے بیان بھی گفتگو کی گئی ۔ ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر اسد عمر نے فواد چوہدری کے بیان کا معاملہ وزیراعظم کے سامنے اٹھا دیا۔

ذرائع نے کہاکہ وزیراعظم نے کابینہ اراکین کو گفتگو میں احتیاط اور اتحاد قائم رکھنے کی ہدایت کر دی۔ کابینہ اجلاس میں بعض وزراء اور مشیروں کی کارکردگی پر بھی گرما گرم بحث ہوئی ۔ نجی ٹی وی کے مطابق وفاقی وزیر فیصل واوڈا کی اسد عمر، رزاق داؤد اور ندیم بابر کی پالیسیوں پر کھل کر تنقید کی ۔ وفاقی وزیر فیصل واوڈا نے کہاکہ کابینہ کے اندر سے لوگ سازشیں کر رہے ہیں ،یہاں گیم ہو رہی ہے ہم خاموش نہیں بیٹھ سکتے۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق فیصل واوڈا نے کہاکہ کابینہ میں کچھ کہا جاتا ہے باہر کچھ اور کہتے ہیں، لوگ سمجھ رہے ہیں کہ ہم وزیراعظم بن چکے ہیں۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے فیصل واوڈا جو جذباتی دیکھ کر کہا فیصل ریلیکس رہو۔ فیصل واوڈا نے کہاکہ ہم پی ٹی آئی کا نظریہ دبنے نہیں دے سکتے، ہمیں ہر طرح کی رپورٹ ہے کون کیا کر رہا ہے،کابینہ میں کچھ بتایا جاتا ہے، کاغذوں میں فیصلے کچھ اور طرح کے ہوتے ہیں۔ذرائع کے مطابق فیصل واوڈانے کہاکہ ہمیں وزیراعظم کے سامنے سیدھی بات بتائی جائے۔