بھارت نے امن قائم کرنے کے لئے چین کی شرائط مان لیں

بھارتی فوج نے لائن آف ایکچوئل کنٹرول پر تعمیرات گرا دی ہیں، دوبارہ تعمیرات نہیں کی جائیں گی، کوئی بھارتی فوجی درایائے گلوان عبور نہیں کرے گا اور دونوں ممالک اپنی افواج مرحلہ وار نکالیں گے، صابر شاکر

Khurram Aniq خُرم انیق بدھ 24 جون 2020 13:39

بھارت نے امن قائم کرنے کے لئے چین کی  شرائط مان لیں
اسلام آباد(اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار-24جون2020ء) بھارت نے امن قائم کرنے کے لئے چین کی شرائط مان لیں ہیں۔ اس حوالے سے خبر دیتے ہوئے اپنے یوٹیوب چینل پر تجزیہ نگار صابر شاکر نے انکشاف کیا ہے کہ بھارت نے چین کے ہاتھوں شکست کے بعد امن قائم کرنے کی کوشش میں چین کی شرائط مان لی ہیں۔ تجزیہ نگار کے مطابق بھارت نے جو شرائط مانی ہیں ان میں کہا گیا ہے کہ بھارتی فوج نے لائن آف ایکچوئل کنٹرول پر تعمیرات گرا دی ہیں، دوبارہ تعمیرات نہیں کی جائیں گی، کوئی بھارتی فوجی دریائے گلوان عبور نہیں کرے گا اور دونوں ممالک اپنی افواج مرحلہ وار نکالیں گے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل بھارت کی جانب سے روس سے رابطہ کیا گیا تھا کہ وہ چین سے امن قائم کرنے میں ان کی مدد فرمائیں۔

(جاری ہے)

تاہم بھارت کو روس کی جانب سے بھی مایوسی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ خیال رہے کہ بھارت اور چین کے درمیان سرحدی کشیدگی کے معاملے پر امریکہ کے بعد روس نے بھی ہاتھ اٹھا لیا ہے۔ روس نے بھارت کا ساتھ دینے سے صاف انکار کر دیا ہے۔

روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے روس کے دورے پر آئے ہوئے اپنے بھارتی ہم منصب سے ملاقات میں کہا کہ ماسکو کا خیال ہے کہ چین اور بھارت کے درمیان ثالثی کی ضرورت نہیں ہے۔ انہوں نے کہا میں سمجھتا ہوں چینی اور بھارت دونوں میں کسی کو مدد کی ضرورت نہیں ہے۔روس دونوں ممالک کو اسلحہ سپلائی کرنے والے بڑے ممالک میں شامل ہے۔ٹائمز آف انڈیا نے رپورٹ میں بتایا کہ اس وقت دورہ روس کے موقع پر بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ روس سے ایس 400 میزائل نظام کی فراہمی کا عمل جلد مکمل کرنے کا مطالبہ کرے گا جبکہ کہ اس کے ساتھ لڑاکا طیاروں، ٹینکوں اور آبدوزوں کی جلد فراہمی کا مطالبہ بھی کیا جائے گا۔

بھارت کو امید تھی کہ اسلحہ فراہمی کے معاہدے کے باعث روس چین سے سرحدی کشیدگی میں نئی دہلی کی حمایت کرے گا تاہم روسی حکومت ننے واضح طور پر بھارت کی مدد کرنے سے انکار کر دیا ہے۔ تا ہم اب امین قائم کرنے کے لئے بھارت نے چین کی شرائط مان لی ہیں۔