فواد چوہدری کی اسد عمر سے ملاقات

ملاقات رہنما عثمان ڈار کی موجودگی میں ہوئی، دونوں رہنماوں نے غلط فہمیاں دور کیں

muhammad ali محمد علی بدھ 24 جون 2020 19:05

فواد چوہدری کی اسد عمر سے ملاقات
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 24 جون2020ء) فواد چوہدری کی اسد عمر سے ملاقات، ملاقات رہنما عثمان ڈار کی موجودگی میں ہوئی، دونوں رہنماوں نے غلط فہمیاں دور کیں۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزراء اسد عمر اور فواد چوہدری کے درمیان ملاقات ہوئی ہے۔ یہ ملاقات ایسے وقت میں ہوئی جب فواد چوہدری کی جانب سے اسد عمر اور دیگر کیخلاف دیے گئے بیان کے باعث حکومتی صفوں میں ہلچل مچی ہوئی ہے۔

بتایا گیا ہے کہ بدھ کے روز اسدر عمر اور فواد چوہدری نے عثمان ڈار کی موجودگی میں ملاقات کی۔ فواد چوہدری نے بتایا گیا ہے کہ یہ ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی۔ ملاقات کے دوران غلط فہمیاں دور کی گئیں اور اتفاق طے پایا کہ مل کر کام کیا جائے۔ جبکہ میڈیا رپورٹس کے مطابق ملاقات کے دوران اسد عمر نے فواد چوہدری پر واضح کیا کہ جہانگیر ترین کو نکلوانے میں ان کا کوئی ہاتھ نہیں ہے۔

(جاری ہے)

جو بھی فیصلے ہوئے، وہ وزیراعظم کی جانب سے لیے گئے۔ دوسری جانب گزشتہ روز کے کابینہ اجلاس میں گرما گرمی کے بعد وفاقی وزراء سرگرم ہوگئے ہیں، فیصل واوڈا، شاہ محمود قریشی اور اسد عمر نے وزیر اعظم عمران خان سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کی ہیں ۔ ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر فیصل واوڈا پہلے وزیر اعظم عمران خان اور پھر صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے ملاقاتیں کیں ۔

ذرائع کے مطابق فیصل واوڈا نے اپنی قیادت کو آگاہ کردیا کہ کابینہ اجلاس میں وزراء کے خلاف کیوں بات کی ۔ فیصل واوڈا نے ملکی حالات، حکومتی کارکردگی اور بعض کابینہ ارکان بارے اپنے تحفظات سے آگاہ کیا اور بعض وزراء کی کارکردگی کے بارے میں اپنی معلومات بھی شئیر کیں اور بعض وزاتوں کے بارے ایک رپورٹ بھی پیش کی ۔ ذرائع کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور وفاقی وزیر اسد عمر نے بھی وزیر اعظم عمران خان سے موجودہ صورتحال پر ملاقات کی اور فواد چوہدری کے بیان پر وضاحت دی ۔