راجن پور، ریسکیو 1122 قدرتی آفات سے پیدا ہونے والی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ہمہ وقت تیار ہے، اسسٹنٹ کمشنر

بدھ 24 جون 2020 19:48

راجن پور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جون2020ء) اسسٹنٹ کمشنر راجن پور اورنگزیب سدھو نے کہا ہے کہ ریسکیو 1122 قدرتی آفات سے پیدا ہونے والی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ہمہ وقت تیار ہے اور تمام محکموں نے دریائے سندھ اور رود کوہیوں کے ممکنہ سیلاب کے بچاو کیلئے حکمت عملی مرتب کر لی ہے۔ ریسکیو1122،محکمہ انہار،لائیو سٹاک زراعت،صحت،سول ڈیفنس سمیت دیگر مختلف محکموں کے ملازمین اور افسران کو ذمہ داری سونپ دی گئیں ہیں۔

اس کے علاوہ ٹائیگر فورس کی خدمات بھی حاصل کی جا رہی ہیں۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے دریائے سندھ کے کنارے بے نظیر بریج پر ریسکیو1122 کے زیر اہتمام پیشگی سیلابی فرضی تربیتی مشق کی نگرانی کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو1122 ڈاکٹرمحمد اسلم،ایمرجنسی آفیسر رانامحمد یامین، کوارڈنیٹر ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی حافظ ممتاز اور دیگر محکموں کے افسران موجود تھے۔ اس موقع پر رانا یامین نے بتایا کہ تربیتی فرضی مشق کا مقصد لوگوں کی جان و مال کی حفاظت کرنا اور آگاہی دینا ہے تاکہ وقت سے پہلے ممکنہ سیلاب کے نقصانات سے عوام کو محفوظ بنایا جا سکے۔اس موقع پر فلڈ انتظامات کے حوالے سے مختلف محکموں اور سماجی تنظیموں کے کیمپ لگائے گئے۔