کورونا وباکے پھیلاؤ کو روکنے کیلئی10لاکھ نوجوانوں نے خود کو بطور ’’ پرائم منسٹر کورونا ریلیف ٹائیگر‘‘ رجسٹرڈ کروایا،عثمان ڈار

بدھ 24 جون 2020 23:30

سیالکوٹ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جون2020ء) وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجواناں عثمان ڈار نے کہا ہے کہ کورونا وباء کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے پاکستان کے طول و عرض میں10لاکھ نوجوانوں نے خود کو بطور ’’ پرائم منسٹر کورونا ریلیف ٹائیگر‘‘ رجسٹرڈ کروایا اور رمضان المبارک سے لیکر اب تک ڈھائی لاکھ رضا کار وں نے احساس کفالت (امدادی رقوم )پروگرام، مساجد میں ایس او اپیز، پوٹیلیٹی اسٹورز پر اشیائے ضروریہ کی ہر خاص و عام کو خریداری کیلئے معاونت ، بیروزگاروں کے احساس پروگرا م میں رجسٹریشن ، مستحقین میں راشن کی تقسیم اور ایڈمنسٹریشن میں کمی کوتاہیوں کی نشاندہی میں حکومت کا ساتھ نبھایا ہے ۔

جس پر ہمارے رضا کار خراج تحسین کے مستحق ہیں ۔

(جاری ہے)

یہ بات انہوں نے تحصیل سیالکوٹ میں--’’ پرائم منسٹر کورونا ریلیف ٹائیگر‘‘ کی اینڈ رائڈ فون موبائل ایپ اور -’’ پرائم منسٹر کورونا ریلیف ٹائیگر‘‘ کے رضا کاروں میں کارڈ ز کی تقسیم کے آغاز کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر چودھری محمد اخلاق ، ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ ڈاکٹر ناصر محمود بشیر ، ڈی پی او سیالکوٹ کیپٹن ر مستنصر فیروز، ڈی جی انفارمیشن بورڈ آف ٹیکنالوجی فیصل یوسف، اسسٹنٹ کمشنر سیالکوٹ جویریہ مقبول رندھاوا،بیر سٹر جمشید غیاث بھی موجود تھے ۔

صوبائی وزیر اسپیشل ایجوکیشن چودھری محمد اخلاق نے کہاکہ کورونا نے جہاں بہت ساری جانوں کو نگل لیا ہے اور معیشت کو ناقابل تلافی نتصان پہنچایا ہے وہی پر اس کے وباء کی وجہ سے نفسا نفسی کے جاری دور کچھ وقت کیلئے تھم گیا ہے اور انسانوں کیلئے یہ بہت بڑا سبق اور آزمائش ہے ۔ انہوں نے کہاکہ کورونا نے کلچرل تبدیلی لائی ہے اور اس کی بدولت ملک میں 10لاکھ افراد کی -’’ پرائم منسٹر کورونا ریلیف ٹائیگر‘‘ فورس معرض وجود میں آئی ہے جو اس سے قبل برصغیر میں نہیں تھی ۔

انہوں نے عبدالستار ایدھی کی مثال دیتے ہوئے کہاکہ جب بھی کوئی ایسا کام کیا جائے جس کا معاوضہ کلیم نہ کیا جائے تو اس کی آغاز میں مشکلات آتی ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ وہ وقت دور نہیں جب لوگ -’’ پرائم منسٹر کورونا ریلیف ٹائیگر‘‘ کے رضا کاروں کو دیکھتے ہی سلیوٹ کرینگے ۔ ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ ڈاکٹر ناصر محمود بشیر نے "کورونا ریلیف ٹائیگر" کی اینڈرائیڈ موبائل. ایپس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملکی تاریخ میں حکومت نے پہلی مرتبہ نوجوانوں "کورونا ریلیف ٹائیگر" کے ذریعے موقع دیا ہے کہ وہ وطن عزیز کی تعمیر و ترقی میں براہ راست اپنا کردار ادا کرسکیں۔

تقریب سے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سیالکوٹ مستنصر فیروز، اسسٹنٹ کمشنر سیالکوٹ جویریہ مقبول، ڈائریکٹر جنرل پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ فیصل یوسف اور چیئرمین مارکیٹ کمیٹی سیالکوٹ بیرسٹر جمشید نے بھی خطاب کیا آخر میں ٹائیگر فورس کی ایپ لانچنگ اور کارڈ تقسیم کرنے کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب اور ٹائیگر فورس کے رضاکاروں میں کارڈ تقسیم کیے۔