ش*دیا مر بھاشا ڈیم سائٹ پر مشینری اور پلانٹس کی بڑی تعداد پہنچائی جاچکی ہے

ئ*کرونا وائرس کے باوجود دیا مر بھاشا ڈیم پراجیکٹ پوری تن دہی سے آگے بڑھایا جارہا ہے ٰوفاقی وزیر آبی وسائل اور چیئرمین واپڈا کنٹریکٹرز کی موبلائزیشن کے عمل کی خود نگرانی کر رہے ہیں لله*وفاقی وزیر آبی وسائل کی زیر صدارت اجلاس میں دیا مر بھاشا ڈیم پراجیکٹ کے عملدرآمد پلان کا تفصیلی جائزہ ی*پراجیکٹ عملدرآمدپلان میں مقررہ اہداف پر سختی سے عمل کیا جائے، وفاقی وزیر کی ہدایت دیا مر بھاشا ڈیم کی تعمیر پانی کے بحران سے نمٹنے کے لئے وفاقی حکومت کے عزم کا مظہر ہے : وفاقی وزیر واپڈا دیا مر بھاشا ڈیم کی مقررہ وقت میں تکمیل کے لئے پر عزم ہے : چیئرمین واپڈا کی اجلاس میں گفتگو

بدھ 24 جون 2020 21:45

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 جون2020ء) دیا مر بھاشا ڈیم پراجیکٹ کو تن دہی سے آگے بڑھایا جارہا ہے ، پراجیکٹ سائٹ پر مشینری اور پلانٹس بڑی تعداد میں پہنچائے جا چکے ہیں جبکہ وفاقی وزیر آبی وسائل محمد فیصل واوڈا اور چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل مزمل حسین (ریٹائرڈ) موبلائزیشن کو خود مانیٹر کر رہے ہیں ۔ مذکورہ مقصد کے لئے وفاقی وزیر برائے آبی وسائل کی زیر صدارت واپڈا کمپلیکس میں ایک اہم اجلاس ہوا جس میں دیا مر بھاشا ڈیم پراجیکٹ کے عملدرآمد پلان کا جائزہ لیا گیا۔

چیئرمین واپڈا ، ممبر (واٹر ) واپڈا اور جنرل منیجر دیا مر بھاشا ڈیم پراجیکٹ کے علاوہ پراجیکٹ انتظامیہ ، کنسلٹنٹس اور کنٹریکٹرزکے نمائندے بھی اجلاس میں شریک ہوئے ۔اِس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے آبی وسائل نے کہا کہ دُنیا بھر میں کورونا وائرس کی وبا سے معمولات ِ زندگی متاثر ہوئے ہیں مگراِس امر کے باوجود یہ بات اطمینان کا باعث ہے کہ دیا مر بھاشا ڈیم پراجیکٹ پر کام تسلی بخش طور پر آگے بڑھ رہا ہے ۔

(جاری ہے)

اُنہوں نے کہا کہ دیا مر بھاشا ڈیم کی تعمیر ملک میں پانی کے بحران پر قابو پانے اور نیشنل گرڈ میں سستی پن بجلی شامل کرنے کے حوالے سے موجودہ وفاقی حکومت کے عزم کا مظہر ہے ۔ اجلاس میں پراجیکٹ پر عملدرآمد پلان کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔وفاقی وزیر نے ہدایت کی کہ عملدرآمد پلان میں جو اہداف مقرر کئے گئے ہیں ، اُن پر سختی سے عمل کیا جائے تاکہ منصوبہ بروقت مکمل کیا جاسکے ۔

اجلاس کے دوران چیئرمین واپڈا نے دیا مر بھاشا ڈیم کے عملدرآمد پلان کے اہم اہداف کے بارے میں بتایا ۔ اُنہوں نے بتایا کہ گزشتہ ماہ کنٹریکٹ ایوارڈ کرنے کے ساتھ ہی کنٹریکٹرز نے پراجیکٹ سائٹ پر موبلائز کرنا شروع کر دیا تھا اور منصوبے کے مین ڈیم پر تعمیراتی کام بہت جلد شروع کر دیا جائے گا ۔ اُنہوں نے بتایا کہ پراجیکٹ ایریا میں انفراسٹرکچر کی تعمیر کے لئے تعمیراتی کام جاری ہے ۔

اُنہوں نے کہا کہ واپڈا دیا مر بھاشا ڈیم کی اہداف کے مطابق تکمیل کے لئے پُر عزم ہے ۔دیا مر بھاشا ڈیم کی تعمیر کی بدولت زرعی مقاصد کے لئے پانی کی بڑی مقدار دستیاب ہو سکے گی ، سیلاب سے بچائو ممکن ہوگا جبکہ ملک کی اقتصادی اور معاشرتی ترقی کے لئے کم لاگت پن بجلی حاصل ہوگی ۔ دیا مر بھاشا ڈیم میں پانی ذخیرہ کرنے کی مجموعی صلاحیت8 اعشاریہ ایک ملین ایکڑ فٹ ہوگی ،بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت 4ہزار 500 میگاواٹ ہے ۔یہ منصوبہ نیشنل گرڈ کو ہر سال 18 ارب 10 کروڑ یونٹ سستی پن بجلی مہیا کرے گا ۔ اِس منصوبہ کی تکمیل کی بدولت تربیلا ڈیم کی عمر میں بھی 35سال کا اضافہ ہوگا