آسٹریلیا کی قومی ایئرلائن 6000 ملازمین کو برخاست کرے گی

بین الاقوامی فضائی سفر میں زبردست کمی کے باعث اس کے منافعوں میں کمی ہوئی ہے،کینٹاس

جمعرات 25 جون 2020 12:36

کینبرا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 جون2020ء) آسٹریلیا کی قومی ایئرلائن کینٹاس نے کہا ہے کہ وہ کورونا وائرس کی وبا کے دوران اپنا وجود برقرار رکھنے کے لیے چھ ہزار ملازمین کو برخاست کرے گی۔یہ کووڈ 19 سے قبل ایئرلائن کے کل عملے کے پانچویں حصے کے برابر ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق مارچ میں اس ایئرلائن نے اپنے 80 فیصد سے زائد عملے کو رخصت پر بھیج دیا تھا۔

(جاری ہے)

کینٹاس کا کہنا تھا کہ بین الاقوامی فضائی سفر میں زبردست کمی کے باعث اس کے منافعوں میں کمی ہوئی ہے۔گذشتہ ہفتے آسٹریلیا کی حکومت نے اعلان کیا تھا کہ اس کی سرحدیں ممکنہ طور پر اگلے سال تک بند رہیں گی۔ اس کی وجہ سے کینٹاس نے اکتوبر کے اواخر تک اپنی تمام بین الاقوامی پروازیں منسوخ کر دی تھیں تاہم ان منسوخ پروازوں میں نیوزی لینڈ کی پروازیں شامل نہیں ہیں۔ایئرلائن کے چیف ایگزیکٹیو ایلن جوئس نے کہا کہ اس فیصلے سے ہزاروں لوگ متاثر ہوں گے مگر منافعوں میں اربوں ڈالر کی کمی کی وجہ سے ہمارے پاس کم ہی مواقع ہیں۔