پی سی بی نے ایشیا کپ کیلیے پی ایس ایل 6 کی قربانی کو خارج از امکان قرار دے دیا

ایشیاء کپ آئندہ سال فروری مارچ میں کرانے کی بھارتی تجویز پر غور کی بھی ضرورت نہیں: پی سی بی ذرائع

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 25 جون 2020 14:09

پی سی بی نے ایشیا کپ کیلیے پی ایس ایل 6 کی قربانی کو خارج از امکان قرار ..
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔25جون 2020ء ) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ایشیاء کپ کیلیے پی ایس ایل 6 کی قربانی کو خارج از امکان قرار دے دیا ہے۔ پی سی بی ذرائع کے مطابق ایشیائی ایونٹ رواں سال ہی کسی نیوٹرل مقام پر کروانے کے لیے پر امید ہیں، بھارتی میڈیا میں سامنے آنے والی تجویز پر غور کرنے کی بھی ضرورت نہیں۔

(جاری ہے)

پی سی بی کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے ایشیاء کپ کی رواں سال سری لنکا یا یو اے ای میں میزبانی کی امید ظاہر کرتے ہوئے کہا تھا کہ ستمبر یا اکتوبر میں مقابلے کروا سکتے ہیں، بھارتی میڈیا میں سامنے آنے والی رپورٹ میں ایک بی سی سی آئی عہدیدار کا کہنا تھا کہ ستمبر، اکتوبر کی ونڈو ہمارے لئے موزوں نہیں، پی سی بی آئندہ سال فروری، مارچ میں ہونے والی پی ایس ایل 6 کو ملتوی کرکے ایشیاء کپ کی میزبانی کرلے۔

کورونا وائرس کی وجہ سے رواں سال پاکستان کی لیگ کے تو پلے آف میچز ملتوی کرنا پڑے تھے جب کہ آئی پی ایل کا ایک میچ بھی نہیں کھیلا جا سکا، بھارت اکتوبر، نومبر میں آسٹریلیا میں ہونے والے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے التوا کا منتظر ہے تاکہ اپنی لیگ کے لیے کوئی راستہ تلاش کر سکے۔