کورونا وائرس: یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز نے سائنسی جریدے کا خصوصی شمارہ جاری کر دیا

جمعرات 25 جون 2020 16:46

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 جون2020ء) یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز نے کورونا وائرس پر سائنسی جریدے بائیو میڈیکاکا خصوصی شمارہ جاری کردیا۔ اس حوالے سے جمعرات کے روز یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز میں تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کے مہمان خصوصی سابق چیف جسٹس پاکستان اور چئیرمین بورڈ آف گورنرز یو ایچ ایس جسٹس ریٹائرڈ تصدق حسین جیلانی تھے۔

تقریب میں وائس چانسلر یو ایچ ایس پروفیسر جاوید اکرم، پرنسپل سروسز انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز لاہور پروفیسر محمود ایاز سمیت سینئیر فیکلٹی نے شرکت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے جسٹس ریٹائرڈ تصدق حسین جیلانی نے کہا کہ کورونا وائرس نے جہاں صحت کا عالمی بحران پیدا کیا ہے وہاں سائنسی تحقیق اور دریافت کے عمل کو بھی تیز کردیا ہے۔

(جاری ہے)

انھوں نے مزید کہا کہ کورونا پر گزشتہ 4 ماہ کے دوران 22 ہزار سائنٹفک پیپرز چھپ چکے ہیں جبکہ دو ہزار کے لگ بھگ تجربات اور ٹرائلز دنیا کے مختلف ممالک میں جاری ہیں۔

جسٹس جیلانی کا کہنا تھا کہ سائنسدانوں کا کام درست تجربات کے ذریعے ٹھوس نتائج پر پہنچنا ہے۔جب لوگ ہسپتالوں میں مررہے ہوں تو سائنسدان خاموش تماشائی بن کر نہیں رہ سکتے۔ وائس چانسلر یو ایچ ایس پروفیسر جاوید اکرم نے کہا کہ پاکستان میں کسی بھی یونیورسٹی کی جانب کورونا پر یہ پہلی خصوصی سائنسی اشاعت ہے۔1982 میں شروع ہونے والے جریدے نے آج تاریخ رقم کی ہے۔

کورونا کے حوالے سے ایک گائیڈ بک تیار کی ہے۔یہ تک بتایا ہے کہ اگر دوسروں سے 4 فٹ دور نہ رہے تو 4 فٹ زمین کے اندر جانا پڑے گا۔پروفیسر جاوید اکرم نے مزید کہا کہ کورونا کے علاج کیلئے وٹامن ڈی تھری کی افادیت پر بڑا ریسرچ پراجیکٹ شروع کرنے جارہے ہیں۔پرائیویٹ میڈیکل کالجوں میں کورونا کیلئے ڈیڑھ ڈیڑھ سو فری بیڈ فراہم کروادیے۔یہ فری بیڈ ہیں، لوگ ادھر کا رخ کریں۔

انھوں نے کہا کہ پاکستان کے سب سے بڑے ڈرگ ٹرائل پروٹیکٹ کے نتائج جولائی میں جاری کردیں گے۔یونیورسیٹیوں کو ایسی ریسرچ کرنی چاہیے جس سے عوام کو فائدہ ہو۔ ایڈیٹر بائیو میڈیکا پروفیسر نادیہ نسیم نے بتایا کہ خصوصی شمارے میں کووڈ 19 کے حوالے سے 73 آرٹیکل شامل ہیں پاکستانی ماہرین کے علاوہ 6 ممالک کے سائنسدانوں کے ریسرچ پیپرز بھی شامل کیے گئے ہیں۔

اس موقع پر برطانیہ سے ڈاکٹر جیمز، آکسفورڈ یونیورسٹی سے ڈاکٹر امجد خان اور سعودی عرب سے پروفیسر سلطان ایوب میو نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔ ڈاکٹر امجد خان نے کہا کہ اس اہم سائنسی کاوش پر یو ایچ ایس مبارکباد کی مستحق ہے۔پروفیسر سلطان ایوب میو نے کہا کہ یو ایچ ایس کورونا کے حوالے سے سائنسی تحقیق میں سرفہرست ہے۔ بعدازاں کورونا میں وٹامن ڈی تھری کی افادیت پر ریسرچ کے حوالے سے سہ فریقی معاہدے پر دستخط کیے گئے۔معاہدے پر یو ایچ ایس، پی ایس آئی ایم اور سکاٹ مین فارما کے عہدیداروں نے دستخط کیے۔