ضلعی انتظامیہ خانیوال نے اربن فلڈنگ کی روک تھام، مویشی منڈیوں کے قیام کے لیے انتظامات شروع کر دیے

جمعرات 25 جون 2020 22:30

خانیوال۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 جون2020ء) حکومت پنجاب کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ خانیوال نے مون سون سیزن میں ،اربن فلڈنگ کی روک تھام اور عید الاضحی پر مویشی منڈیوں کے قیام کے لیے پیشگی انتظامات شروع کر دیے۔اس سلسلہ میں ڈپٹی کمشنر آغا ظہیر عباس شیرازی کی زیر صدارت لوکل گورنمنٹس ،ریسکیو 22 11 اور محکمہ لائیوسٹاک کے افسران کا اجلاس منعقد ہوا جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد اختر منڈھیرا ، اسسٹنٹ کمشنر کوآرڈی نیشن چوہدری مقبول نے بھی شرکت کی۔

ڈپٹی کمشنر نے اجلاس میں لوکل گورنمنٹس کومون سون سیزن کے آغاز سے قبل تیس جون تک ہر صورت سیوریج لائنوں اور نالوں کی صفائی کا ٹاسک دے دیا۔ انہوں نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر عارضی مویشی منڈیاں شہری علاقوں سے باہر قائم کرنے کے لیے جگہوں کی نشاندہی بارے رپورٹ بھی جلد از جلد ڈپٹی کمشنر دفتر بھجوانے کی ہدایت کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عید الاضحی کے لئے صفائی پلان بھی تیار کیا جائے ڈپٹی کمشنر نے ڈسٹرکٹ آفیسر ایمرجنسی ریسکیو 22 11 ڈاکٹر اعجاز انجم کو ہدایت کی ریسکیو 22 11 کل سے تمام سیورمینوں کی سیفٹی ٹریننگ کا اہتمام کرے۔ انہوں نے کہا کہ ٹاؤن کمیٹی سرائے سدھو کے سیوریج مسائل حل کرنے کے لیے ضلع کی کسی بھی لوکل گورنمنٹ سے مشینری منگوائی جا سکتی ہے۔