نعیمی خاندان کی دینی خدمات کوبھلایانہیں جاسکتا‘سیاسی ومذہبی رہنما

تاجورنعیمی،محفوظ الرحمان نعیمی کی تعلیمی کاوشیں قابل قدر ہیں‘ایاز صادق،روحیل اصغرکااظہارتعزیت مفتی منیب الرحمان ،لیاقت بلوچ،ڈاکٹرشاہدحسین،علامہ زبیر ظہیرودیگرکا راغب نعیمی سے اظہارافسوس

جمعہ 26 جون 2020 23:04

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 جون2020ء) سابق سپیکرقومی اسمبلی سردارایاز صادق ،رکن قومی اسمبلی روحیل اصغر ،رکن پنجاب اسمبلی پیر اشرف رسول،مسلم لیگ ن اووسیز پاکستان کے صدرامیرعلی اعوان،چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مفتی منیب الرحمان،ناظم اعلیٰ تنظیم المدارس اہل سنت پاکستان صاحبزادہ مولانا عبدالمصطفیٰ ہزاوی،جماعت اسلامی کے رہنما لیاقت بلوچ،ڈی جی وزارت مذہبی امور ڈاکٹرشاہد حسین ،سیکرٹری جنرل اسلامی نظریاتی کونسل ڈاکٹرمحمد اکرم نے ناظم اعلیٰ جامعہ نعیمیہ علامہ ڈاکٹرراغب حسین نعیمی سے ان کے چچا تاجور نعیمی علیہ الرحمہ اورتایاجان پروفیسر علامہ محفوظ الرحمان نعیمی علیہ الرحمہ کے انتقال پرملال پر اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہاکہ نعیمی خاندان کی دینی خدمات کوبھلایانہیں جاسکتا،شہید سرفراز نعیمی ،تاجورنعیمی ،محفوظ الرحمان نعیمی کے تعلیمی کاوشیں قابل قدر ہیں۔

(جاری ہے)

اسلام کی سربلندی ،ملکی استحکام اور پاکستان کے نظریاتی سرحدوں کے حفاظت کیلئے ان شخصیات کی خدمات تاریخ کاروشن باب ہیں۔ڈاکٹرسرفرازنعیمی شہید علیہ الرحمہ نے اپنے مضبوط دلائل سے دہشت گردوں کے باطل بیانیے کوشکست دی۔جماعت اسلامی کے رہنمالیاقت بلوچ نے کہاکہ اتحاد بین المسلین کے لئے ڈاکٹرسرفراز نعیمی علیہ الرحمہ کی عملی جدوجہدقابل ستائش ہے۔

مولانا راغب نعیمی سے مکتبہ اہل حدیث کے نمائندہ علامہ زبیر احمدظہیر،معروف مذہبی سکالر ڈاکٹر نوراحمدشہتاز،علامہ صدیق ہزاروی،جماعت اہل سنت کے مفتی مسعود الرحما ن نعیمی،مفتی اجمل قادری،سینئر صحافی نوید چودھری،رہنما ن لیگ فیاض ورک سمیت دیگر شخصیات نے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہاکہ ہم دعاگوہیں کے اللہ تعالی مرحومین کے اپنے جوار رحمت میں جگہ عطا ء فرمائے اورنعیمی خاندان کو اس صدمے کوبر داشت کرنے کی ہمت عطا فرمائے۔غم کی اس گھڑی میں ہم نعیمی خاندان کے ساتھ ہیں۔