فیصل آباد:ایف ڈی اے سٹی میں دو وسیع وعریض مساجد کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیا

تعمیر کیلئے سیلانی ویلفیئر ٹرسٹ کی طرف سے تعاون فراہم کیاگیا

ہفتہ 27 جون 2020 22:59

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 جون2020ء) ایف ڈی اے سٹی میں دو وسیع وعریض مساجد کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیاہے جو اس کالونی کی آبادکاری میں خیروبرکت کا ذریعہ ہیں جن کی تعمیر کیلئے سیلانی ویلفیئر ٹرسٹ کی طرف سے تعاون فراہم کیاگیا ہے ایف ڈی اے بلاک ایف 1میں ڈیڑھ کنال اراضی اور بلاک اے سیون میں دس کنال اراضی پر ان مساجد کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقاریب منعقد ہوئیں جس میں ڈائریکٹرجنرل ایف ڈی اے محمد سہیل خواجہ اور چیئرمین سیلانی ویلفیئرٹرسٹ مولانا بشیر فاروقی مہمانان خصوصی تھے جبکہ ایڈیشنل ڈائریکٹرایف ڈی اے عامر عزیز، ایم پی اے فردوس رائے، ایف ڈی اے گورننگ باڈی کے دیگر ارکان ماجد حسین، ناصر محمود، ایف ڈی اے کے ڈائریکٹرز مہرایوب، ڈاکٹر انعم، سہیل مقصود، اسمائ محسن، ڈپٹی ڈائریکٹریاسر اعجاز چٹھہ، سیلانی ویلفیئر ٹرسٹ سے وابستہ افراد چوہدری یٰسین، شفیق میاں داد، چوہدری اشرف، عطاگجر، شیخ عرفان، شیخ شہزاد، میاں انیس، اسلم ڈیڈی، شیخ محسن ودیگر اس موقع پر موجودتھے۔

(جاری ہے)

ڈائریکٹرجنرل ایف ڈی اے محمد سہیل خواجہ نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ اللہ کے گھر کی تعمیر اجرعظیم کا ذریعہ ہیں جس سے اللہ تعالیٰ کی خوشنودی حاصل ہوتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ اس کارخیر میں حصہ لینے والے افراد کی فلاحی خدمات قابل ستائش ہیں جو دین اسلام کی اشاعت میں نیک اور شاندار کردار اداکررہے ہیں۔ انہوں نے سیلانی ویلفیئرٹرسٹ کے چیئرمین اور دیگر ٹرسٹیز کا شکریہ ادا کیااور کہاکہ ان مساجدکی بدولت ایف ڈی اے کے مکینوں کو نمازوں کی ادائیگی اور اجروثواب کی دیگر سرگرمیوں کیلئے بہترین و معیاری سہولیات میسر آئیں گی۔

انہوں نے انسانیت کی بھلائی کیلئے سیلانی ویلفیئرٹرسٹ کی وسیع فلاحی سرگرمیوں کوسراہا اور کہاکہ تعلیم، صحت، کفالت، حاجت مندوں کی دستگیری، مستحقین کی امداداور دسترخوانوں کے گرانقدر رفاہی منصوبے بے مثال ہیں۔ انہوں نے ٹرسٹیزکیلئے خیروبرکت اور استقامت کی دعاکی۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیاکہ ان مساجد کو آئندہ رمضان المبارک تک تعمیر کرکے نماز تراویح کا اہتمام کیاجائیگا۔

ڈی جی ایف ڈی اے نے کہاکہ ہاؤسنگ سیکٹر میں ایف ڈی اے سٹی فیصل آباد کی ایک بہت بڑی ہاؤسنگ سکیم ہے جس میں مفاد عامہ کی دیگر سہولیات کیساتھ ساتھ مساجد کی تعمیرکیلئے بھی بڑی تعداد میں اراضی مختص کی گئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ دیگر فلاحی ادارے اورمخیر حضرات بھی مساجد، ہسپتال اور پارکس کی تعمیر کیلئے تعاون کرسکتے ہیں۔مساجد کے سنگ بنیاد کے موقع پر سیلانی ویلفیئر ٹرسٹ سے وابستہ افراد شیخ عرفان، شفیق میاد داد، عطا گجراوردیگر نے نقد رقوم اور بڑی مقدار میں تعمیراتی میٹریل عطیہ کرنے کااعلان کیا۔

چیئرمین سیلانی ویلفیئر ٹرسٹ مولانا بشیر فاروقی نے سنگ بنیادرکھتے ہوئے مساجد کی تعمیر میں خیر وبرکت اور عطیات فراہم کرنے والوں کیلئے صحت و سلامتی اوررزق میں کشادگی کی دعاکی۔ انہوں نے مساجد کی تعمیر میں تحریک پیدا کرنے پر ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے کی کاوشوں کوسراہااورکہاکہ وہ آئندہ منصوبہ کے تحت ایف ڈ ی اے سٹی میں بڑے ہسپتال کے قیام کا ارادہ بھی رکھتے ہیں اس سے قبل ایف ڈی اے اور سیلانی ویلفیئر ٹرسٹ کے مابین مساجد کی تعمیرکے حوالے سے معاہدے پر دستخط بھی کئے گئے اور اللہ کے گھروں کی تعمیر میں آسانی، خیر وبرکت اور احسن تکمیل کیلئے خصوصی دعاکی گئی۔ ۔