پاکستان پیپلز پارٹی گلگت بلتستان کے وفد کی نگران وزیراعلیٰ میر افضل خان سے ملاقات

ہفتہ 27 جون 2020 23:39

گلگت۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 جون2020ء) پاکستان پیپلز پارٹی گلگت بلتستان کے وفد نے نگران وزیراعلیٰ میر افضل خان سے وزیراعلیٰ سیکریٹریٹ میں ملاقات کی۔ پیپلزپارٹی کے وفد میں سینئر نائب صدر جمیل احمد، سیکریٹری اطلاعات سعدیہ دانش، سابق سینئر وزیر محمد جعفر، ممبر سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی محمد موسیٰ، صدر ضلع گلگت اقبال رسول و دیگر شامل تھے۔

وفد نے نگران وزیراعلیٰ میر افضل خان کی تقرری اور زمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی۔ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے نگران وزیراعلی میر افضل نے کہا کہ گلگت بلتستان میں صاف شفاف انتخابات کے انعقاد کی بھاری زمہ داری ہم پر عائد ہوئی ہے۔ گلگت بلتستان کے سیاسی جماعتوں اور سٹیک ہولڈرز کی بھی زمہ داری بنتی ہے کہ وہ صاف شفاف اور پر امن انتخابات کے انعقاد میں ہماری مدد کرے۔

(جاری ہے)

نگران حکومت اپنی زمہ داریوں کو سمجھتی ہے اور یقین دلاتی ہے کہ صاف شفاف انتخابات منعقد کرائے جائیں گے جس میں حکومت مکمل طور پر غیر جانبدار ہوگی۔ صاف شفاف انتخابات کا انعقاد ہمارے لئے کسی چیلنج سے کم نہیں ہے اور انشاء اللہ اپنی زمہ داریوں کو احسن طریقے سے سرانجام دیں گے تاکہ اقتدار کی منتقلی کا یہ اہم مرحلہ مکمل ہوجائے۔ نگران حکومت اپنے مینڈیٹ کے اندر رہتے ہوئے بروقت، صاف شفاف اور پر امن انتخابات کیلئے کردار ادا کرے گی۔

اس موقع پر پیپلز پارٹی کے وفد نے انہیں مبارکباد پیش کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ آئندہ انتخابات کو بروقت صاف شفاف انداز میں منعقد کرائیں تاکہ عوام اپنے نمائندے چن سکیں۔ وفد نے نگران وزیراعلیٰ کو یقین دہانی کرائی کہ پاکستان پیپلز پارٹی اپنے ماضی کی طرح گلگت بلتستان میں امن و امان اور بروقت صاف شفاف انتخابات منعقد کرانے میں حکومت کا ساتھ دے گی۔