پاکستان کرکٹ ٹیم کا 31 رکنی دستہ انگلینڈ روانہ ہوگیا

پاکستانی ٹیم کا 20کھلاڑی اور 11کوچنگ اور سپورٹ اسٹاف پر مشتمل دستہ نجی ہوٹل کے بائیو سکیور ماحول سے تمام احتیاطی تدابیر کے ساتھ گاڑیوں میں بیٹھ کر علامہ اقبال ائیرپورٹ پہنچا اور وہاں سے انگلینڈ روانہ ہوگیا

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ اتوار 28 جون 2020 11:22

پاکستان کرکٹ ٹیم کا 31 رکنی دستہ انگلینڈ روانہ ہوگیا
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 28جون2020ء) پاکستان کرکٹ ٹیم کا 31 رکنی دستہ انگلینڈ روانہ ہوگیا ہے۔ ذرائع کے مطابق آج صبح پاکستانی کرکٹ ٹیم کا 20کھلاڑی اور 11کوچنگ اور سپورٹ اسٹاف پر مشتمل دستہ نجی ہوٹل کے بائیو سکیور ماحول سے تمام احتیاطی تدابیر کے ساتھ گاڑیوں میں بیٹھ کر علامہ اقبال ائیرپورٹ پہنچا اور وہاں سے انگلینڈ روانہ ہوگیا ہے۔

پی سی بی کے چیئرمین احسان مانی اور ان کی اہلیہ بھی ٹیم کے ساتھ سفر کررہی ہیں۔ ان دونوں کا کورونا ٹیسٹ بھی منفی آیا تھا۔ پاکستانی کھلاڑیوں کا انگلینڈ پہنچنے پرکورونا ٹیسٹ ہوگا اور تمام لوگ چودہ روز تک ووسٹر میں قرنطینہ میں رہیں گے۔پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان تین ٹیسٹ اور تین ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلے جائیں گے۔ پہلا ٹیسٹ پانچ اگست سے ساؤتھمپٹن میں کھیلا جائے گا۔

(جاری ہے)

بولنگ کوچ وقاریونس سڈنی سے انگلینڈ پہنچ کر ٹیم کو جوائن کریں گے۔
قومی سکواڈ کو اگست، ستمبر میں میزبان انگلینڈ کے خلاف تین ٹیسٹ اور تین ٹی ٹونٹی میچوں پر مشتمل سیریز کھیلنی ہے۔ مانچسٹر پہنچنے کے بعد قومی سکواڈ وورسٹرشائر روانہ ہوگا، جہاں انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کے زیراہتمام کھلاڑیوں کی ٹیسٹنگ کی جائے گی۔

اس دوران قومی سکواڈ 14 روز تک قرنطینہ میں وقت گزاریں گے تاہم یہاں انہیں پریکٹس اور ٹریننگ کی اجازت ہوگی۔ اس کے بعد قومی ٹیم 13 جولائی کو ڈربی شائر روانہ ہو جائے گی۔ خوش آئند بات یہ ہے کہ کوویڈ 19 ٹیسٹنگ کے پہلے مرحلے میں 18 کھلاڑیوں اور 11 رکنی سپورٹ سٹاف کے ٹیسٹ منفی آئے تھے اور اب ان سب کی جمعرات کو ہونی والی ری ٹیسٹنگ رپورٹ بھی منفی آئی ہے۔ دیگر تین ریزرو کھلاڑیوں کے علاوہ پاکستان انڈر۔19 کرکٹ ٹیم کے کپتان اور وکٹ کیپر روحیل نذیر اور فاسٹ باؤلر موسیٰ خان کے کوویڈ۔19 ٹیسٹ بالترتیب جمعرات اور بدھ کو لئے گئے تھے جن کے نتائج منفی آئے ہیں۔ لہٰذا ان دونوں کھلاڑیوں کو انگلینڈ روانہ ہونے والے پہلے گروپ میں شامل کر لیا گیا ہے۔