مشرقی شام میں اسرائیلی فضائی حملے ،چھ ایران نواز جنگجو ہلاک

مشرقی شام میں ایرانی حمایت یافتہ جنگجوئوں اور اسد رجیم کے مراکزپر بمباری کی گئی،سیرین آبزرویٹری

اتوار 28 جون 2020 11:55

دمشق(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 جون2020ء) شام میں انسانی حقوق کے لیے کام کرنے والے ادارے سیرین آبزر ویٹری نے بتایاہے کہ مشرقی شام میں عراق کی سرحد پر اسرائیلی فضائی حملوں میں کم سے کم چھ ایران نواز جنگجو ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے ۔عرب ٹی وی کے مطابق سیرین آبزر ویٹری نے ایک بیان میں کہاکہ مشرقی شام میں ایرانی حمایت یافتہ جنگجوئوں اور اسد رجیم کے مراکزپر بمباری کی گئی۔

(جاری ہے)

آبزر ویٹری کے مطابق مشرقی شام میں ہونے والے فضائی حملوں میں مرنے والے چار مقامی جنگجو جب کہ دو غیر ملکی بتائے جاتے ہیں۔یہ حملے دیر الزور کے مشرقی شہر البوکمال میں العباس کے مقام پر کیے گئے۔واضح رہے کہ گذشتہ منگل کو شام میں اسرائیلی فضائی حملوں میں پانچ ایرانی حمایت یافتہ جنگجو ہلاک ہوگئے تھے۔اس سے قبل چار جون کو اسرائیلی فضائی حملوں میں کم سے کم چار شامی جنگجوئوں سمیت 9 عسکریت پسند ہلاک ہوگئے تھے۔