مسلح مزاحمت سے اسرائیل کے مذموم عزائم خاک میں ملا دیں گے،حماس

اسرائیل اور موجودہ امریکی انتظامیہ قضیہ فلسطین کو تباہ کرنے کی سازشوں میں ملوث ہیں،بیان

اتوار 28 جون 2020 15:10

مقبوضہ غزہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 جون2020ء) اسلامی تحریک مزاحمت حماس کے سیاسی شعبے کے سربراہ اسماعیل ھنیہ نے کہا ہے کہ فلسطینی اراضی پر غاصب اسرائیل کی خود مختاری، فلسطینی علاقوں پر اسرائیلی قبضے اور دیگر جرائم سمیت تمام مذموم عزائم مسلح مزاحمت سے خاک میں ملا دیے جائیں گے۔

(جاری ہے)

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق حماس کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے گذشتہ ہفتے اندرون اور بیرون ملک موجود حماس کی قیادت سے خطاب میں کہا کہ اسرائیل اور موجودہ امریکی انتظامیہ قضیہ فلسطین کو تباہ کرنے کی سازشوں میں ملوث ہیں مگر فلسطینی قوم دشمن کی سازشوں کو کامیاب نہیں ہونے دے گی۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ حماس امرکا کے سنچری ڈیل منصوبے اور مقبوضہ مغربی کنارے پر اسرائیلی خود مختاری کے قیام کو استعماری منصوبہ قرار دیتی ہے۔ امریکی انتظامیہ اور اسرائیل فلسطینیوں کے حقوق غصب کرنے کے جرم کے نتائج کے ذمہ دار ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حماس غزہ کی پٹی کے عوام پر مسلط محاصرے کے خاتمے، پناہ گزینوں کے حق واپسی اور فلسطینیوں کے حق خود ارادیت کے حصول کیلیے مسلح مزاحمت سمیت تمام وسائل استعمال کرے گی۔