معروف قانون دان اے کے ڈوگرانتقال کرگئے ،نماز جنازہ کے بعد سپرد خاک کر دیا گیا

سابق چیف جسٹس مامون رشید شیخ کے سسر تھے ، نماز جنازہ میں ججزسمیت وکلاء اور عزیز و اقارب نے شرکت کی

اتوار 28 جون 2020 21:45

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 جون2020ء) معروف قانون دان عبداللہ خان ڈوگر (اے کے ڈوگرایڈووکیٹ )86برس کی عمر میں انتقال کرگئے ، مرحوم کو نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد سپرد خاک کر دیا گیا ،اے کے ڈوگر ایڈووکیٹ سابق چیف جسٹس مامون رشید شیخ کے سسر تھے ۔ اے کے ڈوگر کی نماز جنازہ میاں میر پنڈ میں ادا کی گئی ،نماز جنازہ حافظ طلحہ سعید نے پڑھائی۔

نمازجنازہ میں سابق چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ مامون رشید شیخ سمیت دیگر ججزصاحبان ، وکلاء اور عزیز واقارب نے شرکت کی ۔مرحوم کومیاں میر قبرستان میں سپرد خاک کیا گیا۔اے کے ڈوگر بھارت سے ہجرت کر کے پاکستان آئے تھے۔ ان کے والد ریاست رام پور میں کام کرتے تھے۔ اکتوبر 1998 کے مارشل لا ء کو اے کے ڈوگر ایڈووکیٹ نے عدالتوں میں چیلنج کیا تھا۔

(جاری ہے)

جبکہ سابق وزیراعظم پاکستان نواز شریف کی حراست پر حبس بیجا کی درخواست بھی انہوں نے ہی بیگم کلثوم نواز کی جانب سے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی تھی۔

اے کے ڈوگر پاکستان سپریم کورٹ کے سینئر وکیل بھی تھے۔ مرحوم پاکستان کے سابق صدر آصف علی زرداری کے دو عہدے رکھنے کے خلاف دائر کی گئی پیٹیشن میں بھی وکیل تھے۔اے کے ڈوگر صاحب نے ملکی تاریخ میں پہلی دفعہ وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کی نااہلی کے لیے درخواست دائر کی اور کامیابی حاصل کی۔اس کے علاوہ اے کے ڈوگر ایڈووکیٹ نے کالا باغ ڈیم کی تعمیر اور ایل ایف، او کے ذریعے آئینی ترمیم کو چیلنج کیا۔

سابق آرمی چیف اور صدر پرویز مشرف کے مارشل لا ء کے دور کے اقدامات کے خلاف بھی اے کے ڈوگر ایڈووکیٹ درخواستیں دائر کرتے رہے۔ آخری بار پرویز مشرف کی لاہور ہائیکورٹ میں سزا دینے والی خصوصی عدالت کے خلاف بھی وہ درخواست میں فریق بننے کے لیے پیش ہوئے تاہم بعد ازاں علالت کے باعث وہ بہت کم عدالتوں میں پیش ہوئے۔