مشکل وقت میں غریبوں کے ساتھ کھڑے ہیں، شاہد آفریدی

کورونا وائرس کی صورتحال میں وہ ایسے ہی غریب لوگوں کی مدد کرتے رہیں گے، سابق کپتان

پیر 29 جون 2020 15:07

مشکل وقت میں غریبوں کے ساتھ کھڑے ہیں، شاہد آفریدی
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 جون2020ء) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد خان آفریدی نے کہا ہے کہ وہ اور اٴْن کی ٹیم اس مشکل وقت میں غریبوں کے ساتھ کھڑے ہیں،فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر شاہد آفریدی نے کچھ تصاویر شیئر کی ہیں اور ساتھ ہی کیپشن میں لکھا کہ شاہد آفریدی فائونڈیشن‘ اور ’ڈونیٹ کرو نا ‘کی ٹیم کے افراد ٹھیلے والوں، یومیہ اٴْجرت پر کام کرنے والے اور چھوٹا کاروبار کرنے والے افراد کو اس مشکل وقت میں راشن تقسیم کررہے ہیں۔

انہوں نے لکھا کہ کورونا وائرس کی صورتحال میں وہ ایسے ہی غریب لوگوں کی مدد کرتے رہیں گے۔ شاہد آفریدی نے آخر میں لکھا کہ اٴْن کو مزید سپورٹ کرنے کے لیے www.donatekarona.com پر رابطہ کریں۔واضح رہے کہ شاہد آفریدی خود بھی کورونا کا شکار ہوچکے ہیں، 13جون کوانہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں بتایا تھا کہ جمعرات سے میری طبیعت ناساز ہے اور میرے جسم میں بھی شدید درد ہو رہا تھا جس کے بعد میں نے اپنا کورونا ٹیسٹ کروایا۔

(جاری ہے)

شاہد آفریدی نے لکھا کہ ’بدقسمتی سے میرے کورونا ٹیسٹ کے نتائج مثبت آئے ہیں۔دو روز قبل شاہد خان آفریدی نے اپنے فینز کے لیے سوشل میڈیا پر لائیو بیان بھی جاری کیا تھا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ کورونا وائرس کے لاحق ہونے کے بعد شروع کے دو تین روز مشکل تھے، لیکن اب کافی بہتر ہوں۔اس کے علاوہ انہوں نے اپنے چاہنے والوں کو کورونا سے بچائوکیلئے ادرک کی چائے اور اسٹیم کا مشورہ بھی دیا تھا اور کہا کہ غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلیں، فینز نے مجھے دعائوں میں یاد رکھا جس کے لیے سب کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔