موٹر سائیکل چور گروہ کے خلاف کریک ڈاون، پانچ ملزمان گرفتار، سات چھینے گئے موٹر سائیکل اور ایک رکشہ برآمد

پیر 29 جون 2020 22:10

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 جون2020ء) پشاورپولیس نے شہر کے پوش علاقے گلبہار میں سرگرم موٹر سائیکل چھیننے والے گروہ کا سراغ لگا کر پانچ ملزمان کو گرفتار کر لیا، گرفتار ملزمان کا تعلق شہر کے مختلف علاقوں سے ہے جو شہریوں سے موٹر سائیکل پر لفٹ مانگنے کے بعد سنسان جگہ پر اسلحہ کی نوک پر موٹرسائیکل چھین لیتے تھے، پانچوں ملزمان نے ابتدائی تفتیش کیدوران موٹر سائیکل چھیننے کے متعدد وارداتوں میں ملوث ہونے کا اعتراف کر تے ہوئے چھینے گئے موٹر سائیکل سپیر پارٹس کی شکل میں اونے پونے داموں فروخت کرنے کا انکشاف کیا جن کے قبضہ سے مختلف وارداتوں کے دوران چھینے گئے سات عدد موٹر سائیکل اور ایک رکشہ برآمد کر لیا ہے جن سے دوران تفتیش مزید اہم اور سنسنی خیز انکشافات کی توقع کی جار ہی ہے تفصیلات کے مطابق ایس پی سٹی وقار عظیم کھرل کی سربراہی میں گلبہار پولیس نے شہر میں سرگرم موٹر سائیکل چھیننے میں ملوث گروہ کے خلاف کامیاب کارروائی کی ہے، گزشتہ روز ہونے والی کارروائی کے دوران ڈی ایس پی گلبہار سجاد حسین کی نگرانی میں ایس ایچ او تھانہ گلبہار احمد اللہ نے گلبہار جیسے پوش علاقہ اور شہر کے مختلف جگہوں سے شہریوں سے اسلحہ کی نوک پر موٹر سائیکل چھیننے میں ملوث گروہ کا سراغ لگا کر سرغنہ اور مرکزی ملزم سمیت پانچ ملزمان کو گرفتار کیا ہے، گرفتار ہونے والے ملزمان میں فراز احمد ولد عزیز احمد، اعجاز حسین ولد فریدا للہ، جمشید ولد امیر محمد ، شفیق ولد حضرت اور شیر علی ولد غلام شامل ہیں، ملزمان کا تعلق شہر کے مختلف علاقوں سے ہے جنہوں نے ابتدائی تفتیش کیدوران شہریوں سے موٹر سائیکل پر لفٹ مانگنے کے بعد سنسان جگہ پر اسلحہ کی نوک پر ان سے موٹر سائیکل چھیننے کے متعدد وارداتوں میں ملوث ہونے اور چھینے گئے موٹر سائیکل سپیر پارٹس کی شکل میں اونے پونے داموں فروخت کرنے کا انکشاف کیا ہے جن کے قبضہ سے سات عدد چھینے گئے موٹر سائیکل اور ایک رکشہ برآمد کر لیا گیاہے، ملزمان سے دوران تفتیش مزید اہم اور سنسنی خیز انکشافات کی توقع کی جا رہی ہے۔