توشہ خانہ ریفرنس ، آصف علی زر داری کے وارنٹ گرفتاری جاری ، نوازشریف کو اشتہار ی قرار دینے کی کارروائی شروع

نواز شریف دانستہ طور پر عدالتی کارروائی کا حصہ نہیں بن رہے،آصف علی زرداری کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست بھی مستردکردی، جج کے ریمارکس

منگل 30 جون 2020 13:54

توشہ خانہ ریفرنس ، آصف علی زر داری کے وارنٹ گرفتاری جاری ، نوازشریف ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 جون2020ء) احتساب عدالت اسلام آباد نے توشہ خانہ ریفرنس میں سابق صدر آصف علی زرداری کے وارنٹ گرفتاری جاری کر تے ہوئے سابق وزیر اعظم نواز شریف کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی کا آغاز کردیا ہے جبکہ عدالت نے ریمارکس دیئے ہیں کہ نواز شریف دانستہ طور پر عدالتی کارروائی کا حصہ نہیں بن رہے،آصف علی زرداری کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست بھی مستردکردی۔

منگل کو احتساب عدالت اسلام آباد میں آصف علی زرداری،نواز شریف اور یوسف رضا گیلانی کے خلاف توشہ خانہ ریفرنس کی سماعت ہوئی۔ احتساب عدالت کے جج محمد اصغر علی نے سماعت کی۔نیب پراسیکیورٹر نے نواز شریف کی طلبی کے نوٹس سے متعلق وزارت خارجہ کی رپورٹ عدالت پیش کر دی۔

(جاری ہے)

سابق وزیراعظم نواز شریف کی عدم حاضری پر اشتہاری قرار دینے کی کارروائی شروع کر دی۔

عدالت نے سابق صدر آصف علی زرداری کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست مسترد کر دی اور قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے، جج اصغر علی ریمارکس دیئے کہ کرمنل کیس ہے آصف علی زرداری کو عدالت پیش ہونا پڑے گا۔سابق صدر آصف علی زرداری کے وکیل فاروق ایچ نائیک عدالت میں پیش ہوئی. فاروق ایچ نائیک نے دلائل دیئے کورونا کے دن ہیں اور آصف زرداری کی عمر زیادہ ہے، ان کے آنے سے لوگ اکٹھے ہونگے پھر رش بنے گا، میں یہاں عدالت میں موجود ہوں۔

نیب پراسیکیوٹر سردار مظفر نے موقف اپنایا کہ فاروق ایچ نائیک کہہ رہے ہیں کہ آصف زرداری کے پیش ہونے سے رش ہو جائے گا، یہ انتظامیہ کا کام ہے کہ وہ رش کو کنٹرول کریں ان کے ساتھ کوئی رعایت نہ کی جائے اور ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کیے جائیں،یوسف رضا گیلانی کو عدالت نے استثنیٰ دیا تو آج انکا وکیل بھی پیش نہیں ہوا،یوسف رضا گیلانی کا استثنیٰ بھی ختم کیا جانا چاہیے۔

فاروق ایچ نائیک نے موقف اپنایا کہ آصف علی زرداری کو ہائیکورٹ نے میڈیکل گراؤنڈز پر ضمانت دی تھی،وارنٹس تو تب جاری کیے جائیں جب آصف زرداری پیش نہ ہوں، میں آصف زرداری کی جانب سے یہاں موجود ہوں۔فاروق ایچ نائیک نے کہاکہ عدالت سے درخواست کرتا ہوں کہ آصف زرداری کے وارنٹ جاری نہ کریں،آصف زرداری سابق صدر پاکستان ہیں وہ کہیں بھاگ نہیں رہے۔ جج اصغر علی نے ریمارکس دیئے کہ میں نے اب آرڈر کر دیا ہے وہ اب واپس نہیں ہو گا۔ عدالت نے آپ نے ایڈریس مانگ کر اس پر سمن جاری کیا تھا لیکن وہ پھر بھی پیش نہیں ہوئے۔ عدالت نے ریفرنس پر سماعت 17 اگست تک ملتوی کر دی۔