این ایف سی انسٹیٹیوٹ آف انجینئرنگ اینڈ فرٹیلائزر ریسرچ فیصل آباد کے شعبہ سول انجینئرنگ کے طلبا ڈگریوں پر پی ای سی کے نمبر اور ایچ ای سی کی تصدیق نہ ہونے سے مشکلات کا شکار

منگل 30 جون 2020 15:22

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 جون2020ء) این ایف سی انسٹیٹیوٹ آف انجینئرنگ اینڈ فرٹیلائزر ریسرچ فیصل آباد کے شعبہ سول انجینئرنگ سیشن 2015ء کے طلبا ایک سال سے ڈگریوں پر پاکستان انجینئرنگ کونسل کے نمبر اور ہائرایجوکیشن کمیشن کی تصدیق نہ ہونے سے مشکلات کا شکار ہیں۔ گذشتہ روز اسلام آباد میں مقیم طلبا اسد احمد تنویر، ثمنان حنیف اور محمد بلال نے صحافیوں کو بتایاکہ ہم نے بی ایس سی سول انجینئرنگ کی ڈگریاں مکمل کررکھی ہیں اور ایک سال گزرنے کے باوجود بھی ان ڈگریوں پر پاکستان انجنئرنگ کونسل نمبر نہیں لگا رہی اور نہ ہی ہائرایجوکیشن کمیشن ان ڈگریوں کی تصدیق کررہا ہے، جس کے باعث پانچ سو سے زائد طلباء کا مستقبل دائو پرلگا ہوا ہے اور وہ پریشان ہیںکیونکہ وہ پاکستان انجینئرنگ کونسل کے نمبر اور ہائرایجوکیشن کمیشن کی تصدیق کے بغیر کہیں ملازمت کے اہل نہیں ہیں۔

(جاری ہے)

طلباء کے والدین نے کہاکہ ہمارے بچوں نے لاکھوں روپے تعلیم پر خرچ کرکے اور دن رات محنت کے ساتھ ڈگریاں حاصل کیں لیکن پاکستان انجینئرنگ کونسل اور ہائرایجوکیشن کمیشن نے ہمارے بچوں کا مستقبل دائو پر لگا دیا ہے۔ انہوں نے وزیراعظم عمران خان، وزیر تعلیم شفقت محمود اور وفاقی وزیر صنعت و تجارت سے اپیل کی ہے کہ وہ فوری طور پر واقعہ کا نوٹس لے کر ان بچوں کی ڈگریوں پر انجینئرنگ کونسل کا نمبر لگانے اور ہائرایجوکیشن کمیشن کو ڈگریاں تصدیق کرنے کا حکم نامہ جاری کریں تاکہ طلبا کا مستقبل دائو پر لگنے سے بچ سکے۔