احتساب عدالت نے توشہ خانہ ریفرنس میں طلبی کے باوجود مسلسل غیرحاضری پر سابق صدر آصف علی زرداری کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری، سابق وزیراعظم نواز شریف کا اشتہار جاری کر دیا، سماعت 17 اگست تک ملتوی

منگل 30 جون 2020 16:30

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 جون2020ء) احتساب عدالت کے جج اصغر علی کی عدالت میں زیر سماعت توشہ خانہ ریفرنس میں طلبی کے باوجود مسلسل غیرحاضری پر سابق صدر آصف علی زرداری کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جبکہ سابق وزیراعظم محمد نواز شریف کا اشتہار جاری کر دیا گیا۔ منگل کو سماعت کے دوران نیب پراسیکیوٹر سردارمظفر نے نواز شریف کو سمن برطانیہ بھجوانے کی رپورٹ پیش کرتے ہوئے عدالت کو بتایا کہ اس کیس میں تین ملزمان ہیں، نواز شریف کے نام کے عدالت نے وارنٹ جاری کیے ہیں، نواز شریف برطانیہ میں موجود ہیں، دفتر خارجہ کے ذریعے وارنٹس بھیجے۔

فاضل جج نے کہاکہ کریمنل کیس ہے آصف زرداری کو پیش تو ہونا پڑے گا، فاروق ایچ نائیک ایڈووکیٹ نے کہاکہ کورونا وائرس کی وبا کے دن ہیں اور آصف زرداری کی عمر زیادہ ہے جس پر عدالت نے کہاکہ آصف علی زرداری کو کورونا ہے تو نہیں جس پر فاروق ایچ نائیک نے کہا کہ ان کے آنے سے لوگ اکٹھے ہوں گے پھر رش بنے گا، میں آصف زرداری کی طرف سے عدالت میں موجود ہوں، اس پر عدالت کے جج اصغر علی نے کہاکہ نواز شریف کی عدم پیشی پر اشتہارجاری کر رہے ہیں، آصف علی زرداری کے وارنٹ بھی جاری کر دیتے ہیں۔

(جاری ہے)

فاروق ایچ نائیک نے کہا کہ آصف زرداری کی جانب سے میں عدالت میں پیش ہو رہا ہوں جس پر عدالت کے جج نے کہا کہ میں لمبی تاریخ دے دیتا ہوں پھر آصف زرداری عدالت میں پیش ہو جائیں،آپ نے جو رپورٹ پیش کی ہے وہ غیرتسلی بخش ہے۔ نواز شریف کے ناقابل ضمانت وارنٹس پر کوئی عملدر آمد نہ ہو سکا،نواز شریف دانستہ طور پر عدالتی کارروائی کا حصہ نہیں بن رہے۔

نیب پراسیکیوٹر سردارمظفر نے کہاکہ فاروق ایچ نائیک کہہ رہے ہیں کہ آصف زرداری کے پیش ہونے سے رش ہو جائے گا، اگر رش ہو جائے گا تو یہ انتظامیہ کا کام ہے کہ وہ کنٹرول کریں، ان کے ساتھ کوئی رعایت نہ کی جائے اور ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کیے جائیں، یوسف رضا گیلانی کو عدالت نے استثنیٰ دیا تو آج ان کا وکیل بھی پیش نہیں ہوا، یوسف رضا گیلانی کا استثنیٰ بھی ختم کیا جانا چاہئے۔

آصف زرداری کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے کہاکہ آصف علی زرداری کو ہائیکورٹ نے میڈیکل گراؤنڈز پر ضمانت دی تھی،آصف زرداری پر کیسز پہلی بار نہیں بنائے گئے،20 سال سے تو آصف زرداری کے خلاف کیسز بنتے میں دیکھ رہا ہوں، وارنٹس تو تب جاری کیے جائیں جب آصف زرداری پیش نہ ہوں، آئندہ سماعت پر آصف علی زرداری عدالت میں پیش ہو جائیں گے۔ یوسف رضا گیلانی کورونا وائرس کا شکار ہو گئے تھے، میں بھی یوسف رضا گیلانی کے ساتھ تھا میں بھی آئیسولیشن میں چلا گیا۔

اگر عدالت کہتی ہے تو میں عدالت میں یوسف رضا گیلانی کی طرف سے بیان حلفی دے دیتا ہوں، میں عدالت میں موجود ہوں اور آصف زرداری کی استثنی کی درخواست دائر کر رکھی ہے، میں سینئر وکیل ہوں اور عدالت میں بیان دے رہا ہوں کہ آصف زرداری آئندہ سماعت پر پیش ہو جائیں گے جس پر جج اصغر علی نے کہا کہ میں نے اب آرڈر کر دیا ہے وہ اب واپس نہیں ہو گا۔ عدالت نے آپ سے ایڈریس لے کر اس پر سمن جاری کیا تھا لیکن وہ پھر بھی پیش نہیں ہوئے، عدالت نے آصف زرداری کے استثنی کی درخواست مسترد کرتے ہوئے قابل ضمانت وارنٹ جاری کردیے اور آئندہ سماعت پر عدالت پیش ہونے کی ہدایت کی جبکہ سابق وزیر اعظم نواز شریف کا اشتہار جاری کر دیا اور سماعت 17 اگست تک کیلئے ملتوی کر دی گئی۔