بورڈ آف انٹر میڈیٹ اینڈ سکینڈی ایجوکیشن سمیت پنجاب بھر کی تعلیمی بورڈز میں جماعت دہم کے سالانہ امتحانات کے پرچوں کی چیکنگ کاعمل شروع کر دیاگیا

منگل 30 جون 2020 18:52

سرگودھا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 جون2020ء) بورڈ آف انٹر میڈیٹ اینڈ سکینڈی ایجوکیشن سمیت پنجاب بھر کی تعلیمی بورڈز میں جماعت دہم کے سالانہ امتحانات کے پرچوں کی چیکنگ کاعمل شروع کر دیاگیا۔چیئرپر سن تعلیم بورڈ سرگودہا ڈاکٹر کوثر رئیس نے بتایا کہ امسال 87ہزار طلبہ نے امتحان میں حصہ لیا جن کے پرچوں کے مارکنگ کے لئے 18سنٹرز بنائے گئے ہیں جن میں ضلع سرگودہا میں گیارہ،خوشاب میں تین بھکر اور میانوالی میں دو،دو سنٹرز قائم کئے گئے ہیں ۔

چیئرپرسن نے این این آئی کو بتایا کہ آرٹس کے پرچوں کی مارکنگ شروع ہونے پر ان سنٹرز کی تعداد کو بڑھا کر 24 کر دیاجائیگا۔انہوں نے کہا سنٹرز پر ایچ ای سی اور پرائمری سکینڈری ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے کورونا وائرس سے محفوظ بنانے کیلئے ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد کروایا جارہاہے۔

(جاری ہے)

سنٹرز پر ہر فرد کو ماسک ‘ ہینڈسنٹی ٹائرز او رگلوز کی فراہمی کو یقینی بنایاگیا ہے۔

سماجی فاصلوں پر سختی سے عمل درآمد کروایاجارہاہے۔اس حوالہ سے کنٹرولر امتحانات چوہدری اکرم تارڑ نے بتایا کہ پرچوں کی مارکنگ 75یوم میں مکمل کر لی جائیگا جبکہ نتیجے کا اعلان ستمبر کے دوسرے یا تیسرے ہفتہ میں کیا جائیگا۔انہوں نے بتایا کہ میٹرک کے پریکٹیکل کے حوالے سے حکومتی پالیسی پر عمل کیا جائیگا ۔