آلِ شریف نے اپنی بچی کھچی عزت کی رکھوالی کے لیے اپنے ترجمانوں کی سخت ڈیوٹی لگائی ہوئی ہے‘فیاض الحسن چوہان

پنجاب کا بجٹ بھی پورے تزک و احتشام کے ساتھ منظور ہوا اور اپوزیشن کو رسوائی اور جگ ہنسائی کے سوا کچھ نہیں ملا‘صوبائی وزیر

منگل 30 جون 2020 21:08

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 جون2020ء) صوبائی وزیرِ اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ آلِ شریف نے اپنی بچی کھچی عزت کی رکھوالی کے لیے اپنے ترجمانوں کی سخت ڈیوٹی لگائی ہوئی ہے، جنہوں نے قومی اسمبلی سے منہ کی کھانے کے بعد پنجاب میں بزدار حکومت کے خلاف جھوٹ اور غلط بیانی کا محاذ کھول لیا ہے،وفاق کی طرح وزیرِ اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کی قیادت میں پنجاب کا بجٹ بھی پورے تزک و احتشام کے ساتھ منظور ہو ا اور اپوزیشن کو رسوائی اور جگ ہنسائی کے سوا کچھ نہیں ملا ۔

مسلم لیگ (ن)کے رہنمائوں کی جانب سے بزدار حکومت کی کارکردگی کے خلاف وائٹ پیپر جاری کرنے اور پریس کانفرنس پر اپنے ردِعمل میں فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ آلِ شریف نے اسمبلی کے فلور، عدالت کے کٹہرے اور عوام کی عدالت میں جھوٹ کی انتہا کر دی تھی۔

(جاری ہے)

اسی جھوٹ کی وجہ سے نواز شریف لندن، شہباز شریف اور حمزہ شہباز نیب اور بیگم صفدر اعوان رائیونڈ کو پیاری ہو چکی ہیں، اور لیگی ترجمانوں نے بھی اسی جھوٹ کا رٹا رٹایا پہاڑا دہرایا۔

فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ وزیرِ اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کا کام ان کے دعووں کی عملی تشکیل ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیرِ اعظم عمران خان اور سردار عثمان بزدار کی دور اندیشی سے انجام پانے والے کام آج عوام کو فائدہ پہنچا رہے ہیں۔ فیاض الحسن چوہان نے وزیرِ اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کی قیادت میں پنجاب حکومت کی کارکردگی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ بزدار حکومت نے 17 ارب کی لاگت سے غریب اور نچلے طبقے کے لیے احساس پروگرام شروع کیا۔

اب تک احساس ایمرجنسی کیش پروگرام کے تحت تقریبا 44 لاکھ خاندانوں میں رقوم تقسیم کی جا چکی ہیں۔ بزدار حکومت میں چودہ ہزار ڈاکٹرز، اٹھارہ ہزار ہیلتھ کیئر ورکرز کی خالی سیٹوں پر بھرتی کی گئی۔ وزیرِ اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کی قیادت میں 6 نئی یونیورسٹیوں کا قیام اور 4 کی منظوری کی گئی۔ 1.5 ارب کی لاگت سے ٹین بلین ٹری سونامی کے پہلے فیز کا آغاز کیا جا چکا ہے۔

کسانوں کو بلا سود قرضوں کے لیے 1.86 ارب جبکہ سرکاری ہسپتالوں میں ادویات کی مفت فراہمی کے لیے 22 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔ فیاض الحسن چوہان نے مزید بتایا کہ آئندہ مالی سال کے بجٹ میں کاروباری حلقوں اور عوام کو 56 ارب کا ٹیکس ریلیف دیا جا رہا ہے۔ پرائمری ہیلتھ کیئر کے لیے 135.9 ارب، سیکنڈری ہیلتھ کیئر کیلئے 148.5 ارب، سکول ایجوکیشن کے لیے 350 ارب جبکہ محکمہ پولیس کے لیے 119 ارب کی رقوم مختص کی گئی ہیں۔ فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ آج عوام کو پلوں، سڑکوں اور میٹرو بسوں سے زیادہ ہسپتالوں اور احساس پروگرام جیسے اقدامات کی ضرورت ہے۔