اللہ کا شکر ادا کرتا ہوںحکومت نے چوتھا عوامی فلاح وبہبود کا بجٹ پیش کیا، ڈاکٹر محمد نجیب نقی خان

5اگست2019 کے بعد سے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال انتہائی خراب ہے، ایل او سی کے نزدیکی علاقوں میں کمیونٹی بنکرز کی تعمیر اور سڑکوں کی تعمیر ترجیحی بنیادوں پر کی جائے گی ، آئندہ مالی سال میں کرونا وبا سے نمٹنے کیلئے وافر فنڈز مختص کیے ہیں ، پاکستان کی نسبت آزاد کشمیر میں وباء کا پھیلائو کم ہوا ہے ،ڈاکٹرز کو تمام سہولیات دی گئیں، وزیر خزانہ آزاد کشمیر

منگل 30 جون 2020 21:35

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 جون2020ء) وزیر خزانہ ڈاکٹر محمد نجیب نقی خان نے بجٹ پر بحث سمیٹتے ہوئے کہاکہ اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتا ہوںکہ ہماری حکومت نے چوتھا عوامی فلاح وبہبود کا بجٹ پیش کیا ۔ 5اگست2019 کے بعد مقبوضہ کشمیر کی صورتحال انتہائی خراب ہے ۔ بیس کیمپ کی حکومت نے 8اگست کو آل پارٹیز کانفرنس کے بعد مشترکہ لائحہ عمل اختیار کیا اوراس کی روشنی میں آزادکشمیر کے اسمبلی ممبران نے مسئلہ کشمیر کو دنیا بھر میں اجاگر کیا اور کشمیریوں نے خود اپنا کیس دنیا تک پہچایاجبکہ بیرون ملک آباد کشمیریوں نے بھی عالمی سطح پر بھارتی مظام دنیا بھر میں اجاگر کیے۔

ایل او سی کے نزدیکی علاقوں میں کمیونٹی بنکرز کی تعمیر اور سڑکوں کی تعمیر ترجیحی بنیادوں پر کی جائے گی ۔

(جاری ہے)

آئندہ مالی سال میں کرونا وبا سے نمٹنے کیلئے وافر فنڈز مختص کیے ہیں ۔ پاکستان کی نسبت آزاد کشمیر میں اس وباء کے پھیلاء کم ہوا ہے اور کنٹرول میں ہے ۔ آزادکشمیر میں ڈاکٹرز کو تمام سہولیات دی گئیں ۔ جب کرونا پھیلا تو ہم نے بروقت لاک ڈائون کیا جس کی وجہ سے صورتحال کنٹرو ل میں رہی ۔

کرونا وائر س کے دوران فرنٹ لائن پر کام کرنے والوں کو ایک اعزازی تنخواہ دی ہے ۔انہوں نے کہاکہ ہسپتالوں میں اضافہ کر رہے ہیں ، آزاد کشمیر بھر کے ہسپتالوں میں تمام ضروری سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جارہی ہے۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ بجٹ میں تمام سیکٹرز میں عوامی نوعیت کے منصوبوں کے لیے فنڈز رکھے گئے ہیں اور سیاحت پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے ۔

روڈ انفراسٹریکچر کے لیے بھی فنڈز مختص کیے گئے ہیں۔ آج آزاد کشمیر میں سڑکوں کی صورتحال بہت بہتر ہے ۔ آئندہ مالی سال میں 75کلومیٹر نئی لنک روڈ بھی دے رہے ہیں ساتھ ہی پچھلی حکومتوں کے جاریہ منصوبے بھی مکمل کیے جارہے ہیں۔ ہم نے عوام کی خدمت کرنی ہے ۔ سیاحت کی ترقی کے لئے خصوصی اقدامات کیے جارہے ہیں اور اس کے لئے فنڈز مختص کیے گئے ہیں ۔

نئی پالیسی کے تحت ٹور ازم کو پروموٹ کر رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہائیڈرل کے شعبہ میں ADPسے 12ارب 63کروڑ کا بجٹ مختص ہے ۔ ہماری حکومت کی ترجیحات ، روڈ انفراسٹرکچر ، سیاحت ، ہائیڈل ہیں ۔ لوکل گورنمنٹ کے ساتھ عوام کا براہ راست تعلق ہوتا ہے ان منصوبوں پر زیادہ توجہ دی گئی ہے ۔ ہم نے لوکل گورنمنٹ کے منصوبوں کی مکمل مانیٹرنگ کا عمل شروع کیا ہوا ہے ۔

محکمہ تعلیم کے لیے وافر فنڈز رکھے گئے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ سکولوں کے ساتھ گرائونڈ کی سہولت مہیا کی جارہی ہے ۔عوام کی سہولیات اور فلاح وبہبود کو مد نظر رکھ کر منصوبوں کے لئے فنڈز رکھے گئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ہمارے منصوبے زمین پر نظر آرہے ہیں ۔ ہم نے صرف تختیاں نہیں لگائیں ، خطے کی بہتری کے لیے بجٹ میں فنڈز مختص کئے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ ہماری حکومت نے PSC ، NTSکے ذریعے مستحق اور اہل لوگوں کو میرٹ پر روز گار فراہم کیا۔

انہوں نے کہا کہ آئندہ مالی سال میں بھی محکمہ امور حیوانات کے ذریعے بلا سود قرضے رکھے گئے ہیں ۔ واٹر سپلائی پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں واٹر سپلائی سکیمیں شروع کر رکھی ہیں ان کے لیے فنڈز مختص کیے گئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکنیکل ایجوکیشن پر خصوصی توجہ دی ہے تاکہ لوگ ہنر کے ذریعے اپنے لیے روزگار حاصل کر سکیں ۔ انہوں نے کہا کہ متفقہ طور پر بجٹ پاس کروانے پرحکومتی و اپوزیشن ممبران اسمبلی کا شکرگزار ہوں۔