پاکستان باکسنگ فیڈریشن کو سالانہ گرانٹ سے محروم کرنا ملک میں باکسنگ کھیل کے ساتھ ناانصافی ہے، کرنل ناصر اعجاز تنگ

بدھ 1 جولائی 2020 12:06

پاکستان باکسنگ فیڈریشن کو سالانہ گرانٹ سے محروم کرنا ملک میں باکسنگ ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 جولائی2020ء) پاکستان باکسنگ فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل کرنل ریٹائرڈ ناصر اعجاز تنگ نے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے پاکستان باکسنگ فیڈریشن کو سالانہ گرانٹ سے محروم کرنا ملک میں باکسنگ کھیل کے ساتھ ناانصافی ہے۔ گذشتہ روز سرکاری خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک میں باکسنگ کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے اور اس ٹیلنٹ کو بروئے کار لانے کے لئے پاکستان باکسنگ فیڈریشن کئی سالوں سے اپنی مدد آپ کے تحت اقدامات کر رہی ہے۔

گذشتہ روز پاکستان سپورٹس بورڈ نے 16 سپورٹس فیڈریشنز کو گرانٹ جاری کی ان میں پاکستان والی بال فیڈریشن کو تین ملین ملی، اتھلیٹکس فیڈریشن، بلیرڈ اینڈ سنوکر، کبڈی اور رائفل ایسوسی ایشن کو دو، دو ملین کی گرانٹ اور اسی طرح باڈی بلڈنگ، سکواش، ٹینس، ہاکی، جوڈو اور بیڈمنٹن کو ڈیرھ، ڈیرھ ملین جبکہ کراٹے، نیٹ بال، تائیکوانڈو، ویٹ لفٹنگ، ریسلنگ فیڈریشن کو ایک، ایک ملین کی رقوم ریلیز کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

حکومت نے باکسنگ فیڈریشن کو سالانہ گرانٹ جاری نہ کرکے باکسنگ کھیل کی حق تلفی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملکی تاریخ میں پاکستان نے باکسنگ کے کھیل میں 1948ء سے آج تک 223 میڈلز حاصل کر رکھے ہیں ان میں اولمپک گیمز، عالمی مقابلے، کامن ویلتھ گیمز، ایشین گیمز اور سائوتھ ایشین گیمز کے علاوہ بے شمار بین الاقوامی ایونٹس کے میڈلز شامل ہیں۔ پاکستان باکسنگ فیڈریشن کو گرانٹ سے محروم کرنا کھلاڑیوں اور آفیشلز کے ساتھ ناانصافی ہے۔

کرنل ناصر تنگ نے وزیر اعظم عمران خان اور وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا سے اپیل کی ہے کہ حکومت دیگر سپورٹس فیڈریشنز کی طرح پاکستان باکسنگ فیڈریشن کو بھی فنڈز جاری کرے تاکہ بین الاقوامی سطح پر ملک کا نام روشن کرنے والے کھلاڑیوں میں پائی جانے والی بے چینی دور ہوسکے۔