بھارتی فوج کی لائن آف کنٹرول پر بلا اشتعال فائرنگ،شہری آبادی کو ہتھیاروں سے نشانہ بنایا

بھارتی اشتعال انگیزی کے نتیجے میں شہری شہید،پاک فوج کی جوابی کارروائی نے بھارتی مورچوں کو خاموش کرا دیا۔آئی ایس پی آر

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان بدھ 1 جولائی 2020 12:35

بھارتی فوج کی لائن آف کنٹرول پر بلا اشتعال فائرنگ،شہری آبادی کو ہتھیاروں ..
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین- یکم جولائی 2020ء) بھارتی فوج کی لائن آف کنٹرول پر اشتعال انگیزیوں کا کا سلسلہ جاری ہے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول پر ایک بار پھر بلااشتعال فائرنگ کی ہے۔ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فوج نے لیپہ سیکٹر پر شہری آبادی کو ہتھیاروں سے نشانہ بنایا ہے۔

بھارتی اشتعال انگیزی کے نتیجےمیں تلواڑی گاوَں کا رہائشی شہید ہو گیا۔بھارتی فوج کی فائرنگ سے ایک نوجوان شدیدزخمی ہو گیا جسے طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج نے بھر پور جوابی کارروائی کرتے ہوئے بھارتی چوکیوں کونشانہ بنایا۔پاک فوج کی جوابی کارروائی نے بھارتی مورچوں کوخاموش کرا دیا،قبل ازیں 21 جون کو بھارتی فورسز نے لائن آف کنٹرول میں شہری آبادی کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں 13 سالہ اقرا شبیر جاں بحق ہوگئی۔

(جاری ہے)

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بھارتی فورسز نے ایک بار پھر سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے لائن آف کنٹرول پر حاجی پیر اور بیڈوری سیکٹرز پر بلااشتعال فائرنگ کی جس کے نتیجے میں منسر گاؤں کی 13 سالہ بچی اقرا شبیر شہید ہوگئی جب کہ فائرنگ سے بچی کی والدہ اور12 سالہ بھائی شدید زخمی گئے ۔ ترجمان پاک فوج کے مطابق بھارتی فورسز کی جانب سے رات کے وقت شہری آبادی کو نشانہ بنایا گیا جس کے جواب میں پاک فوج کی جانب سے بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے بھارتی چوکیوں کو نشانہ بنایا اور بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ کا منہ توڑ جواب دیا گیا۔

پاکستان نے بھارتی سفارتخانے کے سینئر سفارتکار کو دفتر خارجہ طلب کرکے بھارتی قابض افواج کی جانب سے 25 جون 2020 کو لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے کریلہ سیکٹرمیں جنگ بندی کی خلاف ورزی اور اس کے نتیجے میں ایک بے گناہ شہری کے زخمی ہونے پر شدیداحتجاج کیا تھا۔ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی کے مطابق قابض بھارتی افواج کی بلااشتعال اور بلاامتیاز فائرنگ کے نتیجے میں 28 سالہ مدیحہ حفیظ زوجہ محمد طاہر سکنہ گاوں باٹلہ متھرانی شدید زخمی ہوگئیں۔

ترجمان کے مطابق بھارتی قابض فوج ایل او سی اور ورکنگ باونڈری پر عام شہری آبادی کو آرٹلری اور بھاری وخودکار ہتھیاروں سے مسلسل نشانہ بنارہی ہے۔ رواں برس 2020ء میں بھارت نے 1487 مرتبہ جنگ بندی کی خلاف ورزی کی ہے جس کے نتیجے میں 13 بے گناہ شہری شہید اور 106 شدید زخمی ہوئے۔