حکومت سالانہ گرانٹ سے محروم کرکے باکسنگ کے کھیل کیساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک کررہی ہے، کرنل ناصر اعجاز تنگ

ملک میں باکسنگ کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے ، سہولیات نہ ہونے کے باعث یہ ٹیلنٹ ضائع ہونے کا خدشہ ہے، سیکرٹری جنرل باکسنگ فیڈریشن

بدھ 1 جولائی 2020 13:25

حکومت سالانہ گرانٹ سے محروم کرکے باکسنگ کے کھیل کیساتھ سوتیلی ماں جیسا ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 جولائی2020ء) پاکستان باکسنگ فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل کرنل ریٹائرڈ ناصر اعجاز تنگ نے کہا ہے کہ حکومت باکسنگ فیڈریشن کو سالانہ گرانٹ سے محروم کرکے باکسنگ کے کھیل کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک کررہی ہے۔گذشتہ روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک میں باکسنگ کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے اور سہولیات نہ ہونے کے باعث یہ ٹیلنٹ ضائع ہونے کا خدشہ ہے، اس ٹیلنٹ کو بروئے کار لانے کیلئے پاکستان باکسنگ فیڈریشن کئی سالوں سے اپنی مدد آپ کے تحت اقدامات کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کوئی بھی کھیل حکومت اور سپانسر کے بغیر ترقی نہیں کرسکتا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ملکی تاریخ میں پاکستان نے باکسنگ کے کھیل میں 1948ء سے آج تک 223 میڈلز حاصل کررکھے ہیں ان میں اولمپک گیمز، عالمی مقابلے، کامن ویلتھ گیمز، ایشین گیمز اور سائوتھ ایشین گیمز کے علاوہ بے شمار بین الاقوامی ایونٹس کے میڈلز شامل ہیں تاہم پاکستان باکسنگ فیڈریشن کو گرانٹ سے محروم کرنا کھلاڑیوں اور آفیشلز کیساتھ ناانصافی ہے، کرنل ناصر تنگ نے وزیر اعظم عمران خان اور وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا سے اپیل کی کہ حکومت دیگر سپورٹس فیڈریشنز کی طرح پاکستان باکسنگ فیڈریشن کو بھی فنڈز جاری کرے تاکہ بین الاقوامی سطح پر ملک کا نام روشن کرنے والے کھلاڑیوں میں پائی جانے والی بے چینی دور ہوسکے، واضح رہے کہ گذشتہ روز پاکستان سپورٹس بورڈ نے 16 سپورٹس فیڈریشنز کو گرانٹ جاری کی ہے ان میں پاکستان والی بال فیڈریشن کو تین ملین ملی، اتھلیٹکس فیڈریشن، بلیرڈ اینڈ سنوکر، کبڈی اور رائفل ایسوسی ایشن کو دو، دو ملین کی گرانٹ اور اسی طرح باڈی بلڈنگ، سکواش، ٹینس، ہاکی، جوڈو اور بیڈمنٹن کو ڈیرھ، ڈیرھ ملین جبکہ کراٹے، نیٹ بال، تائیکوانڈو، ویٹ لیفٹنگ، ریسلنگ فیڈریشن کو ایک، ایک ملین کی رقوم ریلیز کی گئی ہے، لیکن حکومت نے ان میں باکسنگ کا نام شامل نہ کرکے باکسنگ کے کھیل کی حق تلافی کی ہے۔