بیرون ملک بسنے والے کشمیری تحریک آزادی اور سماجی خدمات کے شعبہ میں اہم کردار ادا کررہے ہیں‘سردار عتیق احمد خان

انسانیت کی خدمت ایک عظیم کارنامہ ہے جس میں معاشرے کے بااثر طبقات اور شخصیات کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے

بدھ 1 جولائی 2020 14:37

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 جولائی2020ء) آل جموں وکشمیر مسلم کانفرنس کے قائد و سابق وزیراعظم سردار عتیق احمد خان نے کہا ہیکہ بیرون ملک بسنے والے کشمیری تحریک آزادی اور سماجی خدمات کے شعبہ میں اہم کردار ادا کررہے ہیں ، انسانیت کی خدمت ایک عظیم کارنامہ ہے جس میں معاشرے کے بااثر طبقات اور شخصیات کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے ، ان خیالات کا اظہار انھوں نے گزشتہ روز سماجی تنظیم البنات کی چیئرپرسن سمیرا فرخ کی قیادت میں ملنے والے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ، انھوں نے کہا کہ دکھی انسانوں کی خدمت ایک عظیم کارنامہ ہے اس راستے کا انتخاب کرنے والے بھی معاشرے میں غیر معمولی صلاحیتوں کے لوگ رہتے ہیں ، سردار عتیق احمد خان نے سماجی تنظیموں پر زور دیتے ہوئے کہا کہ آزاد کشمیر میں لاک ڈائون کے باعث پیدا ہونے والے معاشی مسائل کے حل اور غریب و نادار لوگوں کی مدد کے لئے آگے آئیں تاکہ کرونا وباء سے نمٹنے کے لئے متوسط طبقے کی مدد کے ساتھ ساتھ کرونا وائرس کوپھیلنے سے روکنے کے لئے لوگوں کواحتیاطی تدابیر سے آگاہ کریں ، صحت و صفائی کے حوالہ سے اگاہی پیدا کرنے کے لئے بھی اپنا کردار ادا کریں تاکہ معاشرہ کے تمام طبقات ملکر مروجہ انداز میں اس وبا کے خاتمے کے لئے مشترکہ کوشش کی جاسکے ، انہوں نے کہا کہ کشمیری تارکین وطن نے تحریک آزادی کے سفارتی محاذ پر بہت اچھا کام کیا ہے ، برطانیہ یورپ امریکہ سمیت دنیا بھر میں بسنے والے کشمیریوں نے پانچ اگست کے بعد ہندوستان کو دنیا بھر میں ذلیل کردیا ہے ، اس اتحاد و یکجہتی کو برقرار رکھنا ضروری ہے ، انہوں نے کہا کہ تارکین وطن کی توجہ اور دلچسپی کے مستحق اب دکھی انسانیت بھی ہے آزاد کشمیر کے عوام پہلے ہی کنٹرول لائن کے حالات کی وجہ سے مشکلات کا شکار تھے ، اب کرونا کی وجہ سے کی مشکلات مذید بڑھ گئی ہیں ، بیرونی دنیا سے بے روزگار ہو کر آنے والے افراد نے معاشی صورت حال کو مذید خراب کررہا ہے ، ان حالت میں این جی اوز مخیر حضرات کا فرض ہے کہ وہ اپنی خدمت کا دائرہ کار آزاد کشمیر تک توسیع کریں ، انہوں نے چیئر پرسن سمیرا فرخ اور ان کی ٹیم کو خراج تحسین پیش کیا جنہوں نے موجودہ وبائی صورت حال میں بھی آزاد کشمیر کے عوام کو یاد رکھ کر یہاں امدادی سرگرمیاں شروع کیں ، دوسرے مخیر افراد بھی ان کی تقلید کرتے ہوئے اپنے آبائی علاقوں میں فلاح انسانیت کے کام کو ترجیح دیں ، بی ٹی ایم کی سربراہ کی خدمت خلق کے جذبے کی مذید ستائش کرتے ہوئے کہا کہ وہ برطانیہ سے یہاں آکر مستحق و نادار لوگوں کی خدمت کرنا قابل قدر اقدام ہے، وفد میں چیئرپرسن سمیرا فرخ کے علاوہ تنظیم بی ٹی ایم آزاد کشمیر کی صدراریبہ الیاس ، سیکرٹری جنرل آمنہ منیر نائب صدر باسط نقوی ، اور بورڈ آف ڈائریکٹر کے رکن فیضان ریاست مسیح شامل تھے ۔