امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دنیا بھر سے کورونا کی موثر دوا ریمیڈیسیور خرید لی

دوا کی پانچ لاکھ خوراکیں خریدی گئی ہیں جو جولائی میں پیداوار کا 100 فیصد ہے جبکہ اگست اور ستمبر میں 90 فیصد ہے، محکہ صحت اور انسانی سروسز کی رپورٹ

Khurram Aniq خُرم انیق بدھ 1 جولائی 2020 15:08

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دنیا بھر سے کورونا کی موثر دوا ریمیڈیسیور ..
واشنگٹن (اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار-01جولائی2020ء) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دنیا بھر سے کورونا کی موثر دوا ریمیڈیسیور خرید لی ہے۔ اس حوالے سے امریکی محکہ صحت اور انسانی سروسز کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ دوا کی پانچ لاکھ خوراکیں خریدی گئی ہیں جو جولائی میں پیداوار کا 100 فیصد ہے جبکہ اگست اور ستمبر میں 90 فیصد ہے۔ اس فیصلے کے بعد ڈونلڈ ٹرمپ کو اپنی کابینہ کی جانب سے تنقید کا بھی سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

امریکہ کے کاروباری وزیر کی جانب سے امریکی صدر پر تنقید کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ہمیں اس مشکل وقت میں ایک دوسرے کے ساتھ مل کر کام کرنا ہو گا، اکیلے یہ جنگ نہیں جیتی جا سکتی۔ خیال رہے کہ مہلک کورونا وائرس اس وقت پوری دنیا میں پھیل چکا ہے جس کے بعد ہر گزرتے دن کے ساتھ اس کے خطرات میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

دنیا بھر میں اس کے علاج کے لئے صرف کچھ موثر ادویات سامنے آئی ہیں لیکن وہ بھی اس کا مکمل علاج نہیں ہیں۔

ریمیڈیسیور بھی ایک ایسی ہی دوائی ہے جسے کورونا کے مریضوں پر استعمال کیا جا رہا ہے۔ لیکن اب غیر ملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دنیا بھر سے اس دوائی کو خرید لیا ہے جس کے بعد برطانیہ جیسے ملک میں یہ دوائی کی کمی سامنے آ گئی ہے۔ ۔ خیال رہے کہ دنیا بھر میں اس وقت کورونا کی وجہ سے خوف پھیلا ہواہے۔

دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد ایک کروڑ پانچ لاکھ سے تجاوز کرگئی ہے جبکہ اب تک اس مہلک وائرس سے پانچ لاکھ 14 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ بدھ کو امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق دنیا میں وبا سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا ملک امریکہ ہے جہاں 27 لاکھ سے زائد افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں جبکہ ملک میں اب تک ایک لاکھ 30 ہزار سے زیادہ افراد لقمہ اجل بن گئے ہیں۔

کورونا وائرس کا پھیلاؤ پوری دنیا میں تیزی سے جاری ہے، دنیا کے مختلف ممالک میں 1,05,90,724افراد اس سے متاثر ہوچکے ہیں۔ اب تک 5,14,020 افراد اس وبا کے باعث ہلاک ہوئے ہیں۔ دنیا میں کورونا کے فعال مریضوں کی تعداد 42,78,434 ہے۔ امریکہ میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 27,27,853 ہے، ملک میں مصدقہ فعال مریضوں کی تعداد 14,54,397 تک پہنچ گئی ہے۔