دہشت گردوں کی جانب سے پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر حملہ کی بھرپور مذمت کرتے ہیں، قربانی دینے والے اہلکار ہمارے ہیرو ہیں، میاں زاہد حسین

پاکستان بزنس مین اینڈ انٹلیکچولز فور م کے صدر اور ایف پی سی سی آئی بزنس مین پینل کے سینئر وائس چیئرمین کی بزنس کمیونٹی سے گفتگو

بدھ 1 جولائی 2020 15:34

دہشت گردوں کی جانب سے پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر حملہ کی بھرپور مذمت ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 جولائی2020ء) سٹاک ایکسچینج حملے کا ہدف معیشت ہے جس کی بھرپور مذمت کرتے ہیں، قربانی دینے والے اہلکار ہمارے ہیرو ہیں، دہشت گرد مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو خوفزدہ کرنا چاہتے ہیں لیکن وہ اپنے ارادوں میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔ پاکستان بزنس مین اینڈ انٹلیکچولز فور م کے صدر اور ایف پی سی سی آئی بزنس مین پینل کے سینئر وائس چیئرمین میاں زاہد حسین نے کہا ہے کہ دہشت گردوں کی جانب سے پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر حملہ ایک بزدلانہ فعل ہے جس کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔

حملے کو ناکام بنانے کے لئے جانوں کی قربانی دینے والے اہلکار ہمارے ہیرو ہیں جن کے اہل و عیال کی ہر ممکن مدد ضروری ہے۔ میاں زاہد حسین نے بدھ کو بزنس کمیونٹی سے گفتگو میں کہا کہ ڈائریکٹر جنرل رینجرز میجر جنرل عمر بخاری، کراچی پولیس اور اسکے سربراہ غلام نبی میمن اور ڈی آئی جی سائوتھ شرجیل کھرل خراج تحسین کے مستحق ہیں جٴْن کی زیر قیادت پو لیس اور رینجرز نے صرف11منٹ میں اتنے بڑے حملے کو ناکام بنایا۔

(جاری ہے)

میاں زاہد حسین نے مزید کہا کہ اس حملے سے پتہ چلتا ہے کہ دہشت گردوں نے غیر ملکی ایجنسیوں سے مل کر سکیورٹی فورسز یا عوام کو نشانہ بنانے کی بجائے اس مرتبہ کاروباری اداروں اور تاجر برادری کو نشانہ بنانے کا منصوبہ بنایا ہے تاکہ پاکستان کو معاشی طور پر کمزور کیا جا سکے۔دہشتگردوں کا مقصد رہی سہی ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاری کا راستہ روکنا اورسرمایہ کاروں کو خوفزدہ کرنا تھاجبکہ ان کا ہدف سی پیک بھی ہے لیکن ان کے مذموم عزائم ناکام ہوں گے۔

کراچی پاکستان کی اقتصادی سرگرمیوں کا مرکز ہے جبکہ سٹاک ایکسچینج اسکا دل ہے جس پر حملے کی سازش کو نجی سیکورٹی گارڈز اور پولیس اہلکاروں نے جانوں کا نذرانہ دے کر ناکام بنا ڈالا ورنہ دہشت گرد وہاں موجود ملازمین کے خون کی ہولی کھیل کر اور مشہور بزنس مینوں کو یر غمال بنا کر غیر ملکی میڈیا میں پاکستان کا تشخص مجروح کرنا چاہتے تھے لیکن بہادر سیکورٹی اہلکاروں نے ان کے ناپاک ارادے ناکام بنا دیئے۔

انہوں نے کہا کہ بعض عناصر پاکستان میں دہشت گردوں ،عسکریت پسندوں اور علیحدگی پسندوں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرنے کی سرتوڑ کوشش کر رہے ہیں تاکہ اپنے مذموم مقاصد حاصل کر سکیں لیکن پاکستانی اداروں کی کارکردگی میں بھی خاطر خواہ اضا فہ ہو چکا ہے اورہمارے ادارے بھی ان سے غافل نہیں ہیں اور انہیں ابھی نندن والے حملے کی طرح مستقبل میں بھی منہ کی کھانا پڑے گی۔