رمضان شوگر ملز ریفرنس میں شہباز شریف اور حمزہ شہباز پر ایک بار پھر فرد جرم عائد نہ کی جاسکی

شہباز شریف نہ ہسپتال میں داخل ہیں نہ وینٹی لیٹر پر، دو منٹ کیلئے عدالت پیش ہو کر دستخط کر دیں تاکہ ٹرائل کا باقاعدہ آغاز ہوسکے‘ احتساب عدالت شہباز شریف کی حاضری معافی کی درخواست منظور ،سماعت 6 اگست تک ملتوی ،منی لانڈرنگ کیس میں حمزہ شہباز کے جوڈیشل ریمانڈمیں 15جولائی تک توسیع

بدھ 1 جولائی 2020 15:57

رمضان شوگر ملز ریفرنس میں شہباز شریف اور حمزہ شہباز پر ایک بار پھر فرد ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 جولائی2020ء) رمضان شوگر ملز ریفرنس میں مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد شہباز شریف اور ان کے صاحبزادے قائد حزب اختلاف پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز پر ایک بار پھر فرد جرم عائد نہ کی جاسکی،عدالت نے واضح کیا کہ شہباز شریف نہ ہسپتال میں داخل ہیں نہ وینٹی لیٹر پر دو منٹ کے لیے عدالت پیش ہو کر دستخط کر دیں تاکہ ٹرائل کا باقاعدہ آغاز ہوسکے۔

احتساب عدالت کے جج امجد نذیر چودھری نے رمضان شوگر ملز ریفرنس پر سماعت کی۔ جیل حکام نے حمزہ شہباز کو عدالت کے روبرو پیش کیا۔ دوران سماعت شہباز شریف کے وکیل نے شہباز شریف کی حاضری معافی کی درخواست دائر کی جس کی نیب پراسکیوٹر نے مخالفت کی۔عدالت نے شہباز شریف کے وکیل سے استفسار کرتے ہوئے کہا کہ میڈیکل کے مطابق تین ہفتوں میں کورونا وائرس کی رپورٹ منفی آجاتی ہے، اصولی طور پر شہباز شریف کو پیش ہونا چاہیے تھا ،وہ ہسپتال میں داخل بھی نہیں ہیں اور نہ ہی وینٹی لیٹر پر ہیں، گھر میں آئیسولیٹ ہیں، دو منٹ کے لیے عدالت آئیں تاکہ ٹرائل کا آغاز ہوسکے۔

(جاری ہے)

جس پر شہباز شریف کے وکیل نے بتایا کہ ان کے ڈاکٹر کے مطابق 2 جولائی کو ان کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ دوبارہ کیا جائے گا، ہائیکورٹ نے انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ سائنسز کو شہباز شریف کی کورونا رپورٹ کرنے کا حکم دیا ہے جبکہ نیب پراسکیوٹر نے کہا کہ شہباز شریف نومبر 2019 سے عدالت پیش نہیں ہو رہے، شہباز شریف کو پیش ہونا چاہیے تاکہ ٹرائل کا آغاز ہوسکے۔

شہباز شریف کے وکیل نے کہا کہ آئندہ سماعت پر شہباز شریف عدالت میں پیش ہوں گے ۔ عدالت نے شہباز شریف کی حاضری معافی کی درخواست منظور کرتے ہوئے سماعت 6 اگست تک ملتوی کر دی۔احتساب عدالت کے ایڈمن جج جواد الحسن نے حمزہ شہباز کے خلاف آمدن سے زائد اثاہ جات اورمنی لانڈرنگ کیس کی سماعت کی ۔ عدالت نے نیب سے ریفرنس دائر کرنے سے متعلق استفسارکیا ۔ نیب پراسکیوٹر نے موقف اپنایا کہ حمزہ شہباز کے شریک ملزمان کی مزید تفتیش جاری ہے،ریفرنس تیاری کے آخری مراحل میں ہے، چیئرمین کی منظوری کے بعد جلد دائر کر دیا جائے گا۔عدالت نے حمزہ شہباز کے جوڈیشل ریمانڈ میں 15 جولائی تک توسیع کر دی۔