طیارہ حادثہ، بیوی بچوں کو کھو دینے والے عارف اقبال کی دلخراش پوسٹ

’میری پیاری بیوی،ہمیشہ آپ کی یادوں کو زندہ رکھوں گا،مجھے پیارے بچوں کا تحفہ دینے کا شکریہ،میرا پیارا بیٹا ،جنت کے میدانوں میں کرکٹ کھیلنے کے مزے لینا،میری بیٹی جنت کے درختوں پر چڑھنا۔صارفین پوسٹ پڑھ کر آبدیدہ ہو گئے

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان بدھ 1 جولائی 2020 16:07

طیارہ حادثہ، بیوی بچوں کو کھو دینے والے عارف اقبال کی دلخراش پوسٹ
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار یکم جولائی 2020) کراچی طیارہ حادثے میں اپنے پیاروں کو کھو دینے والے لواحقین کا غم آج بھی تازہ ہے۔ایسے میں اس حادثے میں بیوی بچوں کو کھو دینے والے عارف اقبال فاروقی کی دلخراش پوسٹ سامنے آئی ہے۔عارف اقبال فاروقی کی پوسٹ نے سوشل میڈیا صارفین کو بھی آبدیدہ کردیا ہے۔انہوں نے اپنی اہلیہ اور بچوں کی قبروں پر لگائے گئے کتبوں کی تصاویر شیئر کی جس میں مختلف جذباتی اور پیار بھرے پیغامات لکھے گئے ہیں۔

عارف اقبال فاروقی نے اپنے تینوں بچوں اور اہلیہ کے لیے الگ الگ پیغامات لکھے۔
اہلیہ کے کتبے پر انہوں نے لکھا کہ ’میری پیاری بیوی،میں ہمیشہ آپ کو اور آپ کی یادوں کو زندہ رکھوں گا،مجھے اتنے پیارے بچوں کا تحفہ دینے کا شکریہ،میں ہمیشہ آپ سے محبت کرتا رہوں گا۔

(جاری ہے)

عارف اقبال نے اپنے بیٹے اشماعیل فاروقی کے کتبے پر لکھا " میرا پیارا بیٹا ،جنت کے میدانوں میں کرکٹ کھیلنے کے مزے لینا،تمہارے بابا ہمیشہ تم سے بہت محبت کرتے رہیں گے۔

جبکہ 13 سالہ بیٹی عنایہ کی کتب پر لکھا میری پیاری بیٹی جنت کے درختوں کے سائے تلے اپنی کتابوں کا مطالعہ جاری رکھنا، تمہارے بابا تم سے بہت پیار کرتے ہیں۔
انہوں نے اپنی پانچ سالہ بیٹی کی قبر پر لکھوایا کہ میری بیٹی جنت میں درختوں پر چڑھنا اور پکنک سے لطف اندوز ہونا،تمہارے بابا تم سے بہت محبت کرتے رہیں گے۔
عارف اقبال کی جانب سے کی گی یہ پوسٹ ان کے گہرے رنج اور دکھ کو ظاہر کرتی ہے۔جو دیکھ کر سوشل میڈیا صارفین بھی آبدیدہ ہوگئے ہیں۔صارفین کا کہنا ہے کہ عارف اقبال کی ہمت اور حوصلے کو داد دینی پڑے گی جو انہوں نے اتنا بڑا غم برداشت کیا۔